دو بڑے خاندان اپنی لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لائیں میں ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آدھی کردوں گا وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ملک میں مہنگائی ایک بڑا مسئلہ لیکن خسارے سے بچاؤ کے لئے پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا ہوں گی ،حکومت آٹا ،دال اور گھی پر 30فی صد سبسڈی دے گی ، 120ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان

اسلام آباد(سٹار نیوز آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2 کروڑ خاندانوں کے لیے 120 ارب روپے کا پیکج لا رہے ہیں، انہیں آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ خاندانوں کو بلا سود قرض دینے کا پروگرام لا رہے ہیں جب کہ کسانوں کو 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے صنعت کاروں اور فیکٹری مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیٹھ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔
ملک میں مہنگائی ایک بڑامسئلہ
قوم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ملک میں مہنگائی ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن عوام کو یہ بتانا چاہیے کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن میں دو بڑے خاندان جنہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے وہ آدھا واپس کر دیں تو میں وعدہ کرتا ہوں تمام اشیاء کی قیمتیں آدھی کر دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کا مشکور ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں مدد کی۔
انھوں نے کہا کہ مشکل حالات اور ڈالر کی کمی کی وجہ سے آئی ایم ایف جانا پڑا۔
وزیر اعظم کہتے ہیں کہ اقتدار میں آئے تو تاریخی قرض اور خسارا ملا جب کہ کورونا کی وجہ سے بھی معاشی بدحالی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے مشکل حالات میں بہت اچھے فیصلے کئے جس پر فخر ہے۔

پاکستان میں پیٹرول سستا قیمت بڑھانا ہوگی
عمران خان نے کہا کہ پاکستان پیٹرول درآمد کرنے والے ممالک میں سب سے سستا پیٹرول دے رہا ہے۔ مگر ہمیں اس کی قیمت میں اضافہ کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پیٹرول کی قیمت 250 روپے سے زائد ہے۔
احساس پروگرام ٹیم کی تعریف اور صحت کارڈ
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کی ٹیم نے بڑی محنت سے تین سالوں کے دوران مستحق عوام کا ڈیٹا اکھٹا کیا ہے۔ بغیر ڈیٹا کے سبسڈی دینا آسان نہیں تھا۔
عمران خان نے کہا کہ جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں صحت کارڈ لا رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ مل چکے ہیں،
کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب میں بھی سب خاندانوں کو صحت کارڈ دیں گے جس سے وہ 7 سے 10 لاکھ روپے کا علاج کسی بھی اسپتال سے کرا سکیں گے۔
قوم سے خطاب کے آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر نکلی ہوئی ہے، میں پاکستان کے دو بڑے خاندانوں سے کہتا ہوں کہ آپ اپنی لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لائیں میں ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آدھی کردوں گا۔

ہیرا رانجھا قصہ کیا ہے مزار میں بارش کا پانی آتا ہے کہ نہیں مزار پر رہنے والے بزرگ کے انکشافات