دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے، چیئرمین پی سی بی

لاہور(سٹار نیوز) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائےپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے نئے سال پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ سب کو میری طرف سے نیا سال بہت بہت مبارک ہو، دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائےانہوں نے کہا کہ کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا، ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا سال 2022 میں میری ترجیح ہوگی۔رمیز راجہ نے کہا کہ ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انڈر 19 اور ویمنز پی ایس ایل کے لیے کام کررہے ہیں، پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فینز قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکن سہولیات دیں گے، سال 2022 پاکستان کرکٹ فینز کے لیے بمپر سال ہے، اس سال بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، پرامید ہیں کہ کوویڈ 19 کی غیرمعمولی صورتحال کے باوجود آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، سیریز ایسے وقت میں رکھی گئی ہے کہ دونوں ٹیموں کے بڑے کھلاڑی پاکستان آسکیں۔