ہزارہ کے سب سے بڑے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں جدید ترین ڈیجیٹل ایکسرے مشین نصب کر دی گئی۔ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں نصب5ملین روپے مالیت کی ڈیجیٹل ایکسرے مشین سے نہ صرف ہزارہ بلکہ گلگت اور آزاد کشمیر سے آنے والے مریضوں کے لئے بھی مفید ثابت ہو گی۔

ہزراہ (سٹارنیوزآن لائن)تفصیلات کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق،میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب سواتی اور ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمد کی انتھک محنت اور بی اوجی کی منظوری کے بعد ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے لئے 3 سی آر سسٹم خریدے گئے جن میں سے ایک سی آر سسٹم کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں لگا دیا گیا اور باقی 2سی آر سسٹم کو مین ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں لگایا جائیگا۔ اس سے پہلے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 180سے 200تک سادہ ایکسرے کئے جاتے تھے۔لیکن اب ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی وجہ سے لواحقین کو اپنے مریض کوڈیجیٹل ایکسرے کے لئے ہسپتال کی دوسری منزل پر لے کر نہیں جانا پڑے گا اور عوام ڈیجیٹل ایکسرے سے ایمرجنسی میں ہی مستفید ہو سکے گی۔اس سے پہلے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے پاس تین سادہ ایکسرے کی مشین اور ایک ڈیجیٹل ایکسرے کی مشین موجود تھی۔چونکہ اب مزید تین سی آر سسٹم ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے منگوائے گئے ہیں جس کی وجہ سے اب ہسپتال میں تمام تر مشینز پر ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت موجود ہو گی۔ایوب میڈیکل انسٹیٹویشن کی BOGنے ہسپتال کی بہتری اور مریضوں کی مزید سہولیات کے پیش نظر مزید جدید ترین مشینوں کی تنصیب کے لئے بھی منظوری دے دی ہے۔اس جدید ڈیجیٹل ایکسرے مشین کے ذریعے حادثات یا دیگر واقعات میں زخمی ہونے والے افراد جن کے مختلف عضاء پر چوٹیں آتی ہیں اور ڈاکٹر مریض کے جسم کے مختلف حصوں سر، ٹانگ، بازوسمیت دیگر عضاء کے ایکسرے کروانے کا کہتا ہے تو اس مشین کے ذریعے پورے جسم کو سکین کرتے ہوئے صرف اس حصے کا ایکسرے لیا جا سکے گا جو فیکچر ہوا ہو گا۔

رپورٹ محمد عتیق سلیمانی سٹار نیوز مانسہرہ