ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے نائب صدر پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب نعیم الدین وڑائچ کے ہمراہ خیر پور ٹامیوالی میں ریسکیو1122کے اسٹیشن کو آپریشنل کرنے کا افتتاح کیا

بہاول پور: (سٹارنیوزآنلائن)ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے نائب صدر پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب نعیم الدین وڑائچ کے ہمراہ خیر پور ٹامیوالی میں ریسکیو1122کے اسٹیشن کو آپریشنل کرنے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماجد بن احمد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 باقر حسین، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی کارکنان اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122نہایت اہمیت کا حامل ادارہ ہے اور اس کے افسران و کارکنان دن رات مستعدی سے خدمات فراہم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریسکیو1122کی شاندار سروس سے اس علاقہ کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس ادارہ کی اہمیت و افادیت بہت نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ریسکیو بائیک جلد فراہم کردی جائیں گی جس سے کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے اور تمام افسران کے دفتر کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں۔ نائب صدر پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب نعیم الدین وڑائچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیرپورٹامیوالی کے عوام کو بہترین ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے شکر گزار ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ ریسکیو1122کے اسٹیشن سے علاقہ کے لوگوں کو بہترین ایمرجنسی سروس حاصل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ریسکیو1122کے لیے نئی عمارت کی تعمیر کے لیے جلد اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122باقر حسین نے بتایا کہ تحصیل ریسکیوسٹیشن خیرپور ٹامیوالی میں دو طبی آلات سے لیس ایمبولینسزفراہم کر نے کے ساتھ ساتھ ریسکیو1122سٹیشن کو آپریشنل کردیا گیا ہے۔ انھوں نے ریسکیو 1122سٹیشن آپریشنل کرانے میں چوہدری نعیم الدین وڑائچ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 کے افسران و سٹاف نے مستعدی سے کام کرتے ہوئے4 لاکھ15ہزار افراد کی زندگی بچائی ہے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو خطیر مالیت کے مالی نقصان سے محفوظ کیا۔

رپورٹ راشد لطیف لک سٹار نیوز