ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن شہریوں کو تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کیلئے قلعہ سیالکوٹ، پسرور روڈ اور خیابان اقبال پارک کے علاقہ میں معیاری فوڈ سٹریٹس کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ افراد کو ان فوڈ سٹریٹس میں سرمایہ کاری میں خوش آمدید کہا جائے گا، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے ہوٹل مالکان ایسویسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

سیالکوٹ( سٹارنیوزآن لائن)انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن شہریوں کو تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کیلئے قلعہ سیالکوٹ، پسرور روڈ اور خیابان اقبال پارک کے علاقہ میں معیاری فوڈ سٹریٹس کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ افراد کو ان فوڈ سٹریٹس میں سرمایہ کاری میں خوش آمدید کہا جائے گا، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے ہوٹل مالکان ایسویسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفد کی قیادت صدر جہانگیر چوہدری نے کی، دیگر ممبر ان، نواز انصاری، عاشر بن اسد، عرفان خان، عمران اسلام، وقاص ظہیربھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ قلعہ میں تھانہ کوتوالی کیساتھ لانز کی فوڈ سٹریٹ کے قیام کیلئے تزئین وآرائش کی جائے گی، میونسپل کارپوریشن کو تعمیرات کے لئے فوری ٹینڈرز جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اسی طرح پسرور روڈ پر گلشن اقبال پارک اور خیابان اقبال پارک کیساتھ بھی فوڈ سٹریٹس کیلئے جگہ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سٹریٹس میں آنیوالے ہوٹل مالکان سے پانچ سے دس سال تک لیز کے معاہدے کئے جا سکتے ہیں، میونسپل کارپوریشن یہاں ریستوران بنانے کیلئے سڑکچر خود تعمیر کرے گی جبکہ لیز ہولڈر ا سے اپنی ضرورت کے مطابق تیار کر سکے گا، فوڈ سٹریٹس میں اوپن ایریاز میں سروسز کی فراہمی ترجیح ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کی طرف سے سمال اسٹیٹ کی طرز پر ہوٹل کچنز کی منتقلی کیلئے ایریا مختص کرنے کی تجویز کو زبردست سراہا اور ایسویسی ایشن کو تحریری تجاویز کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، کوشش ہے کشمیر روڈ، خادم علی روڈ، خواجہ صفدر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی کام کسی بھی وجہ سے متاثر نہ ہوں اور انہیں شیڈول کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔

رپورٹ محمد آصف جٹ چیف رپورٹر سٹار نیوز سیالکوٹ