سیالکوٹ بلائنڈز سپورٹس الائنس کے زیر اہتمام علامہ اقبال بلائنڈز کرکٹ کرائون کپ کا آغاز ہو گیا، مہمان خصوصی پرنسپل مرے کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز مرزا نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق
گوجرانوالہ کرکٹ کلب آف بلائنڈز کے تعاون سے سیالکوٹ بلائنڈز سپورٹس الائنس کے زیر اہتمام علامہ اقبال بلائنڈز کرکٹ کراٶن کپ کا آغاز ہو گیا ۔ یہ ٹورنامنٹ گورنمنٹ مرے کالج کی گراٶنڈ میں ہو رہا ہے ، افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی پرنسپل مرے کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز مرزا جبکہ مہمانان ذی وقار میں صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ، مدینہ ٹرسٹ کے عبدالشکور مرزا، چاند تارا ویلفیئر فائونڈیشن چک مڈاہر کے محمد یونس چوہدری، پروفیسر ندیم قیصر، پروفیسر عرفان رٶف بٹ، پروفیسر چوہدری محمد اشفاق، پروفیسر عبدالرحمان شامل تھے۔ اس موقع پر بصارت سے محروم افراد کی تنظیم ٹریول ٹو لائٹ کی چیف ایگزیکٹو ارم ناز ، سیکرٹری جنرل احسن ریاض اور کوآرڈینیٹر ماجد علی بھی موجود تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں کل چار ٹیمیں شریک ہیں جن میں آزاد کشمیر، اسلام آباد ، گوجرانوالہ اور اٹک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،بصارت سے محروم اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی شامل ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، ٹورنامنٹ کا فائنل مورخہ 6 مارچ بروز سوموار کو کھیلا جائے گا۔ مہمان خصوصی پرنسپل مرے کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز مرزا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، ٹریول ٹو لائٹ تنظیم بصارت سے محروم افراد کے لیے بہت اچھا کام کر رہی ہے، کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی ٹریول ٹو لائٹ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ اس موقع پر صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ دوسرے میچز میں تو میں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں لیکن بصارت سے محروم افراد کے اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کر کے مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، اس دوران انہوں نے پاکستان زندہ باد، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگوائے جس سے ماحول بہت گرم ہو گیا جس سے تمام لوگ خوب لطف اندوز ہوئے۔

رپورٹ محمد آصف جٹ