جھنگ(محمدعمرفاروق) ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ممبر صوبائی اسمبلی کرنل ر غضنفر عباس قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد راشد ہدایت ،امیر عباس سیال،سابق ممبر صوبائی اسمبلی خالد غنی،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ اور ضلعی محکموں کے سربراہان بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ممبران نے ضلعی سطح پر میڈیکل کالج کی تجویز کو رکھا جس پر جلد اعلی حکام کو درخواست بھجوائی جائے گی۔سی ای او ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ سکولوں کو ماڈل بنانے پر کام جاری ہے۔ خستہ حالی کا شکار سکولوں کی بلڈنگ کی اپگریڈیشن کیلئے اعلیٰ حکام کو کو کیس بھیجا گیا ہے۔ دوران اجلاس ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے بھی کالجوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کالجوں کی جاری اسکیموں کیلئے فنڈز بارے درخواست بھیج دی گئی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر نے ضلعی سطح پر شکایات کے میکینزم بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ شہریوں کی سرکاری اداروں بارے موصول ہونے والی شکایات کا وہ از خود جائزہ لے رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر گڈ گورننس اور شفافیت کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔