ڈیرہ اسماعیل خان زرعی یونیورسٹی میں سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان( سٹارنیوز)زرعی یونیورسٹی میں 16 دسمبر 2014 کے المناک سانحہ آرمی پبلک سکول (APS) پشاور کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کےلیے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
جس کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔ اس تقریب کی صدارت ڈیرہ اسماعیل خان زرعی یونیورسٹی کے قابلِ احترام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللّٰہ اور رجسٹرار عبدالباسط خان نے کی، جنہوں نے شہداء کی قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔
تقریب کے دوران طلباء نے سانحہ APS کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کےلیے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر درج ذیل الفاظ تحریر تھے
“آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی”
“شہداء، ہماری قوم کے حقیقی ہیروز”
“آپ نے ہمارے کل کےلیے اپنا آج قربان کیا”
“آپ کا خون ہماری جدوجہد کا عزم ہے”
“دہشت گردوں کے خلاف ہمارے حوصلے بلند ہیں”
“ہمیں آپ پر فخر ہے”
یہ کتبے طلباء کے جذبات اور شہداء سے ان کی عقیدت کا عملی مظہر تھے، جنہوں نے تقریب کو مزید پُراثر بنا دیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء، تدریسی اور انتظامی عملے سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء میں رجسٹرار عبدالباسط خان ۔ سیکرٹری ٹو وائس چانسلر شیراز احمد مغل، لیکچرر ذیشان خان، لیکچرر عمران برکی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شعیب عالم لیکچرار مفتی حارث اللّٰہ، ڈاکٹر رحمن اللّٰہ، ڈاکٹر علی عابد ڈاکٹر قاسم علی ،ڈاکٹر ثاقب علی ۔ ڈاکٹر احسان علی ڈاکٹر بابر مقبول، لاریب مغل، ڈاکٹر زرینہ بلوچ، ڈاکٹر الفت بتول ، اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر آفتاب عالم بھی موجود تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللّٰہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ “یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے ملک کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلیے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں گے۔ ان معصوم جانوں کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اس موقع پر “رجسٹرار عبدالباسط خان نے کہا کہ “شہداء کی قربانیوں نے ہمیں دہشت گردی کے خلاف یکجا ہونے کا سبق دیا ہے۔ ہمیں ان کے مشن کو آگے بڑھانے کےلیے متحد ہونا ہوگا۔” تقریب کے دوران شرکاء نے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور شمعیں روشن کیں۔ اس موقع پر شہداء کے لیے خصوصی دعائے مغفرت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کےلیے اجتماعی دعا کی گئی۔
اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کےلیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس پروقار تقریب نے شرکاء کو نہ صرف غمگین بلکہ ایک نیا عزم اور حوصلہ فراہم کیا۔

ازطرف:شیراز احمد مغل
پی آر او زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان