محفوظ پنجاب کا خواب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فائر سیفٹی اقدامات۔۔۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت

تحریر ۔ محمد زاہد مجید انور

*کسی بھی مہذب، ترقی یافتہ اور ذمہ دار معاشرے کی پہچان صرف بلند و بالا عمارتیں، کشادہ سڑکیں اور جدید منصوبے نہیں ہوتے بلکہ اصل کامیابی اس وقت سامنے آتی ہے جب ریاست اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بناتے ہوئے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائے۔ قدرتی آفات، ٹریفک حادثات، آتشزدگی اور دیگر ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں انسانی جانوں کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی سوچ کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فائر سیفٹی کے اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جو بلاشبہ شہری تحفظ کے حوالے سے ایک اہم اور قابلِ تحسین پیش رفت ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے تیزی سے پھیلتے ہوئے شہر میں فائر سیفٹی کا مضبوط نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہر میں تجارتی مراکز، ہسپتال، تعلیمی ادارے، سرکاری عمارات، مارکیٹیں، رہائشی آبادیاں اور دیگر اہم مقامات موجود ہیں جہاں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت فائر فائٹنگ سہولت کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔ ایسے میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب محض ایک ترقیاتی کام نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ایک بنیادی حفاظتی نظام ہے۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب اور دیگر فائر سیفٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر کے اہم مقامات پر فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے جبکہ متعدد مقامات پر یہ کام مکمل بھی کر لیا گیا ہے یہ پیش رفت اس امر کی عکاس ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی سطح پر آگے بڑھا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہسپتالوں سمیت تمام حساس اور اہم مقامات پر فائر سیفٹی انتظامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور ضلع کی تمام تحصیلوں میں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور فائر سیفٹی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ ہدایات اس لحاظ سے بھی اہم ہیں کہ ہسپتال اور دیگر حساس مقامات عام عمارتوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ خصوصی حفاظتی انتظامات کے متقاضی ہوتے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جن میں ایسے افراد بھی شامل ہوتے ہیں جو خود کسی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر عمارت سے باہر نکلنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتے۔ اس لیے ان مقامات پر فائر ہائیڈرینٹس، فائر الارم، ایمرجنسی ایگزٹ، فائر ایکسٹنگوشرز اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی ناگزیر ہے۔ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کے ساتھ ساتھ ان کی باقاعدہ جانچ، دیکھ بھال اور فعال حالت میں موجودگی بھی یقینی بنائی جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صرف ہائیڈرینٹ کا نصب ہونا کافی نہیں بلکہ اس میں پانی کی دستیابی، مناسب پریشر، فائر بریگیڈ کی فوری رسائی اور متعلقہ عملے کی عملی تربیت بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔اسی طرح مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز، صنعتی یونٹس، تعلیمی اداروں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی وقت کے ضیاع کو روک سکتا ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فائر سیفٹی اقدامات کو ترجیح دینا اس بات کا واضح اظہار ہے کہ محفوظ شہر ہی خوشحال شہر کی بنیاد بنتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا بھی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اگر فائر ہائیڈرینٹس کا یہ منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ضلع کی تمام تحصیلوں تک مؤثر انداز میں مکمل کیا جاتا ہے اور ان کے عملی استعمال کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے تو مستقبل میں کسی بھی آتشزدگی کے واقعہ میں نقصانات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کو عملی شکل دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے۔ بالخصوص ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی جانب سے فائر سیفٹی کے معاملات کی براہِ راست نگرانی اور مقررہ مدت میں اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات اس امر کی غمازی کرتی ہیں کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو انتظامی ترجیحات میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ضرورت صرف منصوبہ شروع کرنے کی نہیں بلکہ اسے مسلسل نگرانی، شفافیت، معیار اور عملی فعالیت کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی ہے۔ اگر تمام متعلقہ ادارے اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہے تو ٹوبہ ٹیک سنگھ نہ صرف ایک خوبصورت بلکہ ایک محفوظ اور ذمہ دار شہری ضلع کے طور پر بھی اپنی شناخت مزید مضبوط کر سکتا ہے۔بلاشبہ شہریوں کی حفاظت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اس ذمہ داری کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ دعا ہے کہ محفوظ پنجاب کا یہ وژن عملی اقدامات کے ذریعے مزید مضبوط ہو اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کو ایک ایسا محفوظ ماحول میسر آئے جہاں ان کی زندگی، صحت اور املاک ہر ممکن حد تک محفوظ ہوں۔محفوظ شہر، محفوظ شہری اور مضبوط انتظامیہ ہی روشن پنجاب کی حقیقی تصویر ہے۔*