ستھرا پنجاب مہم کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں صفائی کے خصوصی اقدامات، ڈپٹی کمشنر ماہم آصپف ملک کی کاوشوں سے صفائی ٹیمیں متحرک، شہری تنظیموں اور عوامی حلقوں کا خراجِ تحسین
تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور
*ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے، شہری و دیہی علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کی ٹیمیں شہر اور گردونواح میں متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔ مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ اٹھانے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے جاری سرگرمیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔صفائی کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان اور عوامی صحت کے تحفظ کا بنیادی ذریعہ ہے۔ گلیوں، بازاروں، سڑکوں، محلوں اور عوامی مقامات کی باقاعدہ صفائی نہ صرف شہری خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی تناظر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوامی سہولیات میں بہتری لانے کی کوششیں قابلِ توجہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر محترمہ ماہم آصف ملک کی جانب سے صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ اور متعلقہ ٹیموں کو متحرک رکھنے کے اقدام کو شہر کی مختلف تنظیموں اور عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ شہری و سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور عوامی حلقوں نے ان کی اس خصوصی کاوش پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور عوام کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہئیں تاکہ شہریوں کو عملی طور پر مثبت تبدیلی محسوس ہو۔ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ صفائی مہم کو صرف چند روزہ سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے، کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے مقامات کی باقاعدہ نگرانی کی جائے، نکاسی آب کے مسائل پر توجہ دی جائے اور صفائی کے عملے کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کا کوڑا مقررہ مقامات پر ڈالیں، گلیوں اور سڑکوں پر گندگی پھیلانے سے اجتناب کریں اور صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔بلاشبہ صاف ستھرا ٹوبہ ٹیک سنگھ صرف ضلعی انتظامیہ کی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی کاوشوں کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جانا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ شہری اپنے علاقے میں مثبت تبدیلی اور بہتر انتظامی اقدامات کے خواہاں ہیں۔ اگر ضلعی انتظامیہ، ستھرا پنجاب کی ٹیمیں، بلدیاتی ادارے، سماجی تنظیمیں اور شہری مشترکہ ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں تو ٹوبہ ٹیک سنگھ کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور صحت مند شہر بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔*

