29 نومبر، فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عالمی دن: حقِ خودارادیت، آزادی اور انسانی حقوق کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک کا خصوصی پیغام، فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کے اعتراف اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل

تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور

*29 نومبر کو دنیا بھر میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے، فلسطینی عوام کی طویل جدوجہد، ان کے بنیادی انسانی حقوق، حقِ خودارادیت اور آزادانہ زندگی گزارنے کے حق کو اجاگر کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس دن کی اہمیت محض ایک عالمی دن منانے تک محدود نہیں بلکہ یہ عالمی برادری کو یاد دہانی کراتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ آج بھی منصفانہ، پائیدار اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کا متقاضی ہے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک نے 29 نومبر، فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا بنیادی مقصد فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کو اجاگر کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی طرف مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو بھی دیگر اقوام کی طرح آزادی، امن، عزت، تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کے ساتھ زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف ایک خطے یا قوم کا معاملہ نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف، آزادی اور عالمی اصولوں کی پاسداری سے جڑا ہوا اہم انسانی مسئلہ ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ، شہری آبادی کی سلامتی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے پیغام میں اس امر پر زور دیا کہ دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ تمام اقوام کے حقوق کا احترام کیا جائے اور انسانی جان، بنیادی آزادیوں اور بین الاقوامی قوانین کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات اور انسانی مسائل کے حل کے لیے عالمی سطح پر سنجیدہ اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے کہا کہ 29 نومبر کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی، ان کے حقوق کی حمایت اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا ایک مشترکہ انسانی ذمہ داری ہے۔ مسئلہ فلسطین کا ایسا منصفانہ اور دیرپا حل ناگزیر ہے جو فلسطینی عوام کی امنگوں، جائز حقوق اور حقِ خودارادیت کا احترام یقینی بنائے۔یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ اقوام متحدہ نے 1977ء میں 29 نومبر کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس تاریخ کا انتخاب 1947ء میں فلسطین کی تقسیم سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد 181 کی منظوری کی یاد سے منسلک ہے۔ اس دن دنیا بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور آگاہی پروگراموں کے ذریعے فلسطینی عوام کے حقوق اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عالمی شعور اجاگر کیا جاتا ہے۔بلاشبہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عالمی دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ امن، انصاف اور انسانی حقوق کسی ایک قوم کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، پائیدار اور قابلِ قبول حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ خطے میں امن، استحکام اور انسانی وقار کو فروغ دیا جا سکے۔*