میاں احسان الحق برکی مرحوم – صحافت کا روشن چراغ
تحریر محمد زاہد مجید انور

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی صحافتی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو اپنی محنت، دیانت، خلوص، اور بے لوث خدمات کی بدولت ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ انہی شخصیات میں ایک درخشندہ نام سینئر صحافی، سابق نمائندہ اے پی پی اور روزنامہ پاکستان ٹائمز، بانی صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) جناب میاں احسان الحق برکی مرحوم کا ہے، جنہیں ہم آج انتہائی عقیدت اور احترام سے یاد کر رہے ہیں۔میاں احسان الحق برکی مرحوم کا تعلق ایک دینی اور علمی گھرانے سے تھا۔ آپ کے والد محترم چوہدری صدیق مرحوم کا شمار مشہور مذہبی و سیاسی رہنما حضرت عطا اللہ شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ میاں احسان الحق برکی مرحوم کی شخصیت میں دین داری، سادگی، خلوص اور عوامی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔آپ نے نہ صرف صحافت کو اپنا ذریعہ روزگار بنایا، بلکہ اسے مشن سمجھ کر اپنایا۔ اپنے طویل صحافتی کیریئر میں آپ نے قلم کی حرمت کو کبھی پامال نہ ہونے دیا۔ سچائی، دیانت داری اور اصول پسندی آپ کا شعار رہا۔ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ (رجسٹرڈ) کا قیام آپ کی کاوشوں کا نتیجہ تھا۔ اس ادارے کی بنیاد رکھتے ہوئے آپ نے اس کی ترقی و تعمیر میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ آپ کے قریبی ساتھی اور اس وقت کے بانی جنرل سیکرٹری اور روزنامہ جنگ و جیو نیوز ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نمائندہ حاجی عبد المجید انور مرحوم نے بھی اس جدوجہد میں آپ کا بھرپور ساتھ دیا۔اس وقت کے ڈپٹی کمشنر فاروق خان نے بھی میاں احسان الحق برکی مرحوم کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پریس کلب کے قیام کے لیے جھنگ روڈ، سول ڈیفنس کے ساتھ سرکاری جگہ فراہم کی، جو آج بھی پریس کلب کے طور پر فعال ہے۔میاں احسان الحق برکی مرحوم کی صحافتی خدمات آج بھی اہلِ صحافت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ وہ نہ صرف ایک اعلیٰ صحافی تھے بلکہ ایک درد مند دل رکھنے والے انسان بھی تھے، جو ہمیشہ کمزور اور مظلوم طبقات کی آواز بنتے رہے۔آج جب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے، ان کی یادیں، ان کا کردار اور ان کی خدمات ہمیں ان کے عظیم ہونے کا احساس دلاتی ہیں۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میاں احسان الحق برکی مرحوم اور ان کے والد محترم حاجی صدیق مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔








