معیاری تعلیم علم، ہنر اور اخلاقی اقدار کا مجموعہ ہے: ملک حق نواز دانش اعوان
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملک حق نواز دانش اعوان نے کہا ہے کہ حقیقی تعلیم صرف نصابی مواد تک محدود نہیں بلکہ یہ علم، ہنر اور اخلاقی اقدار کے امتزاج کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں طلبہ کو نہ صرف علمی قابلیت بلکہ عملی مہارت اور مثبت اخلاقیات سے بھی آراستہ کیا جانا چاہیے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک حق نواز دانش اعوان نے کہا کہ ایک طالب علم کی کامیابی کا انحصار صرف اچھے گریڈز پر نہیں بلکہ اس کے کردار اور رویے پر بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنے طلبہ میں تحقیق، تخلیق اور دیانت داری جیسی صفات پیدا کریں۔انہوں نے تعلیمی اداروں میں تربیتی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نئی نسل کی بہتر رہنمائی اور کردار سازی کے ذریعے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔












