گڑھ مہاراجہ: چوہدری عبدالستار کی تیسری برسی پر ایم ایس ہسپتال میں فری میڈیکل کیمپ، 130 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ
گڑھ مہاراجہ میں معروف صحافی، سماجی و سیاسی کارکن مرحوم چوہدری عبدالستار کی تیسری برسی کے موقع پر ان کی رہائش گاہ پر قائم ایم ایس ہسپتال اینڈ گائناکالوجی سینٹر میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ میں ڈاکٹر شعیب، ڈاکٹر عدنان خان اور ڈاکٹر مومنہ شعیب نے خدمات سرانجام دیں۔ اس موقع پر تقریباً 130 سے 140 مریضوں کا مفت چیک اپ، مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔
ڈاکٹر شعیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ چوہدری عبدالستار کی برسی کی مناسبت سے لگایا گیا، جن کی علاقے کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت فرمائے۔
ڈاکٹر عدنان خان نے بتایا کہ ایم ایس ہسپتال 15 مئی کو قائم کیا گیا تھا۔ گڑھ مہاراجہ میں کوئی ہسپتال یا کلینک نہیں تھا، اسی ضرورت کے پیش نظر اور چوہدری عبدالستار کی خواہش پر ان کی بیٹی کی فراہم کردہ رہائش گاہ میں یہ ہسپتال بنایا گیا۔ یہاں صرف 300 روپے فیس رکھی گئی ہے تاکہ متوسط طبقے پر بوجھ نہ پڑے۔ یہاں 24 گھنٹے ایمرجنسی، ای سی جی، الٹراساؤنڈ اور ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے، اور جلد اسے میٹرنٹی ہوم کے طور پر بھی رجسٹر کروایا جائے گا۔
اس موقع پر گڑھ مہاراجہ پریس کلب کی ٹیم غلام شبیر میو، شیخ محمد حسین اور اقبال سمیت دیگر دوست بھی موجود تھے۔
چوہدری عبدالستار کے بڑے بھائی چوہدری محمد مختار ایڈووکیٹ نے اپنے بھائی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری عبدالستار نے میڈیا، سوشل ورک اور سیاست کے ذریعے علاقے کے لوگوں میں شعور بیدار کیا۔ انہوں نے سلطان نیوز کی بنیاد رکھی اور وہ اس کے پہلے سی ای او بھی تھے۔ گلی محلے میں علاج کی سہولت آج بھی ان کی یادگار فکر ہے۔
آخر میں تمام شرکاء نے مرحوم چوہدری عبدالستار کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
رپورٹ ملک عرفان حیدر













