ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات جاری، عوامی تعاون ناگزیر: خرم شہزاد خان

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ڈسٹرکٹ منیجنگ آفیسر ستھرا پنجاب خرم شہزاد خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر کے صحت کے مسائل میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہےخرم شہزاد خان نے بتایا کہ اسی مقصد کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے جبکہ صفائی کے عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ صفائی کے نظام میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومتی منصوبے کی کامیابی عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں، شہری صفائی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی تاکہ عوام کو ایک صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔*