المعروف چڑیا چائے والے: محنت، خلوص اور کامیابی کی سنہری داستان
تحریر ومحمد زاہد مجید انور
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی پہچان صرف اس کا تاریخی پس منظر یا جغرافیائی حیثیت نہیں، بلکہ اس شہر کی عظمت کا ایک اور روشن پہلو یہاں کے وہ لوگ ہیں جنہوں نے خلوصِ نیت، مسلسل محنت اور خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنایا۔ انہی ہستیوں میں ایک نمایاں نام ہے میاں محمد رمضان کا، جو نہ صرف ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہیں بلکہ سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی ان کا وقار مسلمہ ہے۔میاں محمد رمضان کی پیدائش اسی شہر، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم بھی یہیں سے حاصل کی اور کم عمری میں ہی والد محترم حاجی روشن علی المعروف چڑیا چائے والے کی صحبت میں تربیت حاصل کی۔ حاجی روشن علی مرحوم ایک عظیم اور نیک دل انسان تھے۔ اُنہوں نے تقریباً 70 سال تک شہر بھر میں بہترین اور اعلیٰ کوالٹی کی چائے مہیا کی، جس کے باعث اُن کا نام “چڑیا چائے والے” کے طور پر شہر کے ہر فرد کی زبان پر رہا۔میاں محمد رمضان نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے محنت مزدوری کو عزت دی اور اسی چائے کے کاروبار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک نئی پہچان دی۔ اُنہوں نے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا، اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کا قائم کردہ کاروبار “المعروف چڑیا چائے والے” کے نام سے شہرت رکھتا ہے۔ یہاں دن رات چائے دستیاب رہتی ہے، جو نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہے بلکہ خلوص کی چاشنی سے لبریز ہے۔یہی وراثت میاں محمد رمضان کے بڑے صاحبزادے میاں حنان رمضان نے بھی سنبھالی ہے۔ انہوں نے نہ صرف چائے کے کاروبار کو وسعت دی بلکہ دودھ اور دہی کا اعلیٰ معیار پر مشتمل کاروبار بھی شروع کیا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں بھی اپنی مہربانی سے کامیابی عطا فرمائی ہے، اور آج یہ خاندان تین نسلوں سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حاجی روشن علی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی نسلوں کو اسی طرح خلوص، خدمت اور دیانت کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق دے۔
آمین ثم آمین۔









