ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، آفاق مورس

تحریر.. محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ: سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (پیرا فورس) ٹوبہ ٹیک سنگھ آفاق مورس نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر باقاعدہ فرائض کی ادائیگی شروع کر دی ہے۔ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے اپنے ماتحت عملے سے ملاقات کی اور انفورسمنٹ سے متعلق امور، شہری مسائل اور ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر آفاق مورس نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شہری علاقوں کو تجاوزات سے پاک کرنے اور عوام کو بہتر، صاف ستھرا اور کشادہ ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری و عوامی گزرگاہوں، بازاروں، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضہ یا تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر جو شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہوئے سرکاری جگہوں پر تجاوزات قائم کر رہے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔آفاق مورس نے مزید کہا کہ انفورسمنٹ کارروائیوں کا بنیادی مقصد کسی کو بلاوجہ پریشان کرنا نہیں بلکہ قانون کی عملداری یقینی بنانا، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔ تاجر برادری اور شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سرکاری جگہوں پر سامان رکھنے اور غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں قانون اور ضابطے کو مقدم رکھا جائے گا اور کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے عناصر کو پہلے قانون کے مطابق آگاہ کیا جائے گا جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا اور انفورسمنٹ کے حوالے سے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ، تاجر برادری اور شہریوں کے باہمی تعاون سے ہی ٹوبہ ٹیک سنگھ کو تجاوزات سے پاک، منظم اور بہتر شہری ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے آفاق مورس کی جانب سے عہدے کا چارج سنبھالنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور بازاروں میں بہتر ماحول میسر آئے گا۔*