عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے مثالی انتظامات، شہریوں نے سراہا

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) عید میلادالنبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے بابرکت اور پُرمسرت موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی خصوصی ہدایات اور مؤثر نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی جلوس کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ مرکزی جلوس میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔سجادہ نشین آستانہ عالیہ بحرالعلوم، صدر تنظیم العلماء اہلسنت و جماعت دارالسلام اور شہزادۂ اہلسنت علامہ صاحبزادہ منعم حسنین صدیقی اور اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال نے مرکزی جلوس کی قیادت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال خود فیلڈ میں موجود رہے اور مرکزی جلوس کے ہمراہ رہتے ہوئے روٹ سمیت تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے رہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کو شرکائے جلوس کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور انتظامات کو بہترین انداز میں برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ شرکائے جلوس کو گرد و غبار سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر راستوں پر پانی اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ صفائی عملہ جلوس کے روٹ پر موجود رہا اور صفائی کے عمل کو مسلسل جاری رکھا گیا تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اسی طرح جلوس کے شرکاء اور شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر پینے کے صاف پانی کی سبیلیں قائم کی گئیں، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ پر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کرکے جشنِ میلادالنبی ﷺ کی خوشیوں کو مزید دوبالا کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے سہولیات کی فراہمی اور صفائی سمیت دیگر انتظامات کی مسلسل نگرانی کے باعث مرکزی جلوس کے شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہریوں اور شرکائے جلوس نے ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر صفائی، پانی، چونے کے چھڑکاؤ اور دیگر سہولیات کی فراہمی قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر نگرانی اور بروقت اقدامات کے باعث جلوس کے شرکاء کو سہولت میسر آئی۔عاشقانِ رسول ﷺ نے اس موقع پر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔*