جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے: قمر عباس وڑائچ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر قمر عباس وڑائچ نے کہا ہے کہ جبری مشقت کے خاتمے اور بھٹہ مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ اجرت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھٹہ خشت مالکان کو حکومت کی پالیسیوں پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے گا، اور جو مالکان مقررہ ریٹ کے مطابق مزدوروں کو اجرت فراہم نہیں کریں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے کہا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے سوشل سیکیورٹی کارڈز جلد از جلد بنوائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں علاج معالجے اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔قمر عباس وڑائچ نے بھٹہ مالکان کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر ایک سنگین جرم ہے اور اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ مزدوری کے نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ ۔ زاہد مجید انور