ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دیرینہ مسائل پنجاب اسمبلی میں اجاگر — چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ کی جراتمندانہ آواز
تحریر و ترتیب: محمد زاہد مجید انور 
پنجاب اسمبلی میں بجٹ 2025-26 کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے بھرپور انداز میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوامی مسائل، کسانوں کے دکھوں اور تعلیم و صحت جیسے اہم شعبہ جات پر مدلل گفتگو کی، جسے ایوان میں موجود تمام ارکان اور حکومتی نمائندگان نے بغور سنا۔چوہدری امجد علی جاوید نے اپنی تقریر میں اس حقیقت کی نشان دہی کی کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کا زیر زمین پانی کلورین اور نمکیات کی زیادتی کے باعث ناقابلِ استعمال ہوتا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عام شہریوں کو صحت کے حوالے سے خطرات لاحق ہیں بلکہ کسانوں کو بھی زرعی پیداوار میں شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے فوری حل کے لیے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس، پانی کی جانچ کے لیبارٹریز اور واٹر چینلز کی بہتری کے لیے بجٹ میں واضح حصہ مختص کیا جائے۔ایک اور اہم معاملہ جسے انہوں نے ایوان میں اٹھایا، وہ کمالیہ یونیورسٹی کو ضم کرکے ٹوبہ ٹیک سنگھ یونیورسٹی کا حصہ بنانے کا حکومتی منصوبہ تھا۔ چوہدری امجد علی جاوید نے اس پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کمالیہ یونیورسٹی کو ضم کرنا تعلیمی ترقی کے لیے نقصان دہ ہوگا، اور اس فیصلے سے علاقائی شناخت اور طلبہ کی سہولیات متاثر ہوں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں یونیورسٹیز کو علیحدہ حیثیت کے ساتھ ترقی دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے مستفید ہو سکیں۔کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں، بالخصوص چٹیانہ کے علاقے میں، پانی کی قلت کی وجہ سے کسان بدترین حالات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے ایوان کو یاد دلایا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اگر کسان خوشحال نہیں تو ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ اس لیے چٹیانہ کے لیے ایک نیا اور مؤثر آبی نظام فوری طور پر بجٹ میں شامل کیا جائے۔چوہدری امجد علی جاوید نے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کرنے، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے، اور اسپتالوں میں بنیادی سہولیات، ڈاکٹرز، ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے واضح فنڈز مختص کیے جائیں۔ان کی تقریر جذبے، دردِ دل اور زمینی حقائق کی بھرپور عکاسی تھی۔ چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے نہ صرف مسائل کی نشاندہی کی بلکہ ان کے قابلِ عمل حل بھی تجویز کیے، جس سے ان کی سنجیدگی، سیاسی بصیرت اور عوام سے جڑے رہنے کا ثبوت ملتا ہے۔ایوان میں موجود متعدد ارکان نے ان کے نکات کی تائید کی، اور امید ظاہر کی کہ بجٹ 2025-26 میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔












