شورکوٹ: فیسکو/واپڈا کے 7 ملازمین کے خلاف رشوت و کرپشن کا مقدمہ درج، ایف آئی اے فیصل آباد کی کارروائی
شورکوٹ( سٹارنیوز)ایف آئی اے فیصل آباد نے سابق ایس ڈی او فیسکو شورکوٹ عمران حیدر ایل ایس، عرفان ایل ایس سمیت سات ملازمین کے خلاف سنگین الزامات پر مقدمہ درج کرتے ہوئے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، مذکورہ اہلکاروں نے ملتان روڈ پر واقع ایک نجی ہوٹل پر سنگل فیز میٹر نصب کرنے کے عوض مدعی سے 10 ہزار روپے رشوت وصول کی، تاہم بعد ازاں میٹر اتار کر ہوٹل مالکان کو چار لاکھ 46 ہزار 831 روپے کا بھاری بل ارسال کر دیا گیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق یہ سراسر ناانصافی اور مالی استحصال ہے جو فیسکو کے کرپٹ عناصر کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے کی انکوائری کا آغاز 2024 میں کیا گیا تھا، جسے سب انسپکٹر عامر شہزاد نے مکمل کیا۔ شواہد اور بیانات کی روشنی میں الزامات درست ثابت ہوئے، جس کے بعد جون 2025 میں ایف آئی اے کی جانب سے باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔
فیسکو میں جاری کرپشن اور رشوت خوری کے اس واقعے نے ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، جبکہ شہریوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ عناصر کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔













