فوری انصاف کی فراہمی صوبائی محتسب پنجاب کی کاوشیں

تحریر وترتیب محمد زاہد مجید انور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

*ہمارے معاشرے میں اکثر شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ دفاتر اور اداروں کے چکر لگاتے رہتے ہیں لیکن شفاف اور بروقت انصاف تک رسائی ان کے لیے خواب بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام میں مایوسی اور بداعتمادی بڑھتی ہے۔ ایسے حالات میں صوبائی محتسب پنجاب کا ادارہ امید کی ایک کرن کے طور پر سامنے آ رہا ہے جو شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جدید اقدامات کر رہا ہےایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب محمد عبداللہ شاہد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا بنیادی مقصد عوام کو آسان اور شفاف نظام فراہم کرنا ہے تاکہ عام آدمی کسی دقت اور سفارش کے بغیر اپنا حق حاصل کر سکے۔یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ صوبائی محتسب پنجاب نے شکایات درج کروانے کے لیے نہ صرف ہیلپ لائن 1050 قائم کر رکھی ہے بلکہ بذریعہ ڈاک، ویب سائٹ(www.ombudsmanpunjab.gov.pk) اور آن لائن درخواست کے ذریعے بھی عوام اپنی شکایات جمع کرا سکتے ہیں۔ یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اب عوام کو لمبے اور تھکا دینے والے طریقہ کار سے چھٹکارا دلانے کی سنجیدہ کوشش کی جا رہی ہے۔محمد عبداللہ شاہد نے واضح کیا کہ ہر شکایت پر غیر جانبدار تحقیقات کر کے فوری فیصلے کیے جاتے ہیں اور شکایت کنندگان کو باقاعدہ نتائج سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ یہ بات شہریوں کے اعتماد کو بحال کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاہم ساتھ ہی انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ صرف قانونی اور متعلقہ معاملات میں ہی دفتر صوبائی محتسب سے رجوع کریں تاکہ ادارے کی فعالیت اور شفافیت برقرار رہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کے لیے یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ دفتر صوبائی محتسب پنجاب، ایڈیلہ جھنگ روڈ نزد گورنمنٹ بوائز انٹر کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ سے براہِ راست رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں یا پھر فون نمبر 046-2513838 پر رابطہ کر کے اپنے مسائل کا حل پوچھ سکتے ہیں۔اگر دیکھا جائے تو صوبائی محتسب پنجاب کے یہ اقدامات نہ صرف عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مددگار ہیں بلکہ انصاف کی فراہمی میں ایک نئے دور کا آغاز بھی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام بھی ان سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں اور غیر ضروری تاخیروں سے بچنے کے لیے ان جدید ذرائع کا استعمال کریں۔میری نظر میں صوبائی محتسب پنجاب کا یہ ماڈل دیگر اداروں کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے۔ جب تک ہم عوام کو انصاف اور سہولت ان کی دہلیز پر فراہم نہیں کریں گے، معاشرتی مسائل اور بداعتمادی میں کمی ممکن نہیں۔ امید ہے کہ یہ سلسلہ اسی جذبے اور تندہی کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ ہر شہری کو بروقت اور شفاف انصاف مل سکے۔*