ملاوٹ مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

*تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دودھ کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک اور بڑی کارروائی کرکے عوام کو مضر صحت دودھ سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ یاسر مشاق کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھ گھنٹے کی طویل ریکی کے بعد کارروائی کرتے ہوئے موٹروے انٹرچینج پر گاڑی نمبر LES-5978 کو روک لیا کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ گاڑی میں دس ہزار لیٹر جعلی اور مضر صحت دودھ سپلائی کیا جا رہا تھا۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹوں میں دودھ میں پاوڈر اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ دودھ سپلائر نے بھی اعتراف کیا کہ دودھ ممنوعہ اور انسانی صحت کے لیے نقصان دہ اجزاء سے تیار کیا گیا ہے۔ جس پر گاڑی ضبط کر لی گئی، ملزم کو حراست میں لیا گیا اور متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق ملاوٹ مافیا کے خلاف یہ کریک ڈاؤن جاری ہے اور واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ دودھ یا کسی بھی خوراک کے معیار پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ صارفین کو دھوکہ دینے اور جعلسازی کے مرتکب عناصر کے خلاف مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں اور ان کی سخت پیروی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملاوٹ مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دودھ سپلائرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقرر کردہ قوانین پر سختی سے عمل کریں ورنہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور ایسے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جو انسانی صحت سے کھیل کر ناجائز منافع کماتے ہیں۔*