دنیا کا سب سے خوبصورت انسان
تحریر:محمد زاہد مجید انور
*دنیا کی رنگینیوں اور چمک دمک میں اکثر ہم یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ خوبصورتی صرف ظاہری صورت یا لباس کی خوبصورتی کا نام ہے۔ حالانکہ اصل حقیقت اس کے برعکس ہے۔ خوبصورتی کا تعلق دل اور کردار سے ہے، نہ کہ چہرے کی رنگت یا جسمانی بناوٹ سے۔دنیا کا سب سے خوبصورت انسان وہ نہیں جو دولت، شہرت یا طاقت کا مالک ہو بلکہ وہ ہے جس سے بات کرنا آسان ہو، جس کے قریب بیٹھ کر دل کو سکون ملے اور جو دوسروں کے دکھ درد کو سمجھ سکے۔ اصل خوبصورتی اس انسان میں ہے جو مشکل وقت میں سہارا بنے، آنکھوں سے بہتے آنسو پونچھنے کا ہنر جانتا ہو اور زخموں پر مرہم رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ایسا انسان وہی ہے جو دوسروں کے غم میں شامل ہو، خوشی کے لمحوں میں ساتھ دے اور تنہائی کے اندھیروں میں امید کا چراغ جلائے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو بظاہر عام دکھائی دیتے ہیں مگر حقیقت میں اللہ تعالیٰ نے انہیں بہت خاص بنایا ہوتا ہے۔ ان کا وجود دوسروں کے لیے راحت کا باعث بنتا ہے اور ان کی دعا دوسروں کے نصیب بدل دیتی ہے۔خوبصورتی کی اصل پہچان دل کی نرمی، احساس، ہمدردی اور محبت ہے۔ اگر آپ کے اندر یہ خصوصیات ہیں تو یقیناً آپ دنیا کے سب سے خوبصورت انسان ہیں، اور یہ خوبصورتی وقت گزرنے کے ساتھ ماند نہیں پڑتی بلکہ مزید نکھرتی ہے۔*










