جھنگ میں یومِ صدیق اکبرؓ کے حوالے سے ایک بھرپور چلڈرن واک کا انعقاد کیا گیا
جھنگ( سٹارنیوز)جھنگ میں یومِ صدیق اکبرؓ کے حوالے سے ایک بھرپور چلڈرن واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بچوں کے ہاتھوں میں حضرت ابوبکر صدیقؓ کی سیرت، خدمات اور اسلام کے لیے ان کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کرنے والے پلے کارڈز تھے، جن پر محبت اور عقیدت کے جذبات نمایاں تھے۔ چلڈرن واک کا آغاز مجاہد چوک سے ہوا اور یہ نظم و ضبط کے ساتھ پریس کلب جھنگ پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کی قیادت سابق رکن پنجاب اسمبلی محمد معاویہ اعظم طارق نے کی، جبکہ شہریوں اور والدین کی ایک بڑی تعداد بھی بچوں کے ہمراہ موجود رہی۔ واک کے دوران بچوں نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کے حق میں نعرے لگائے اور ان کی سادگی، حق گوئی، ایثار اور اسلام کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اختتامی مقام پر بچوں نے مختصر تقاریر بھی کیں، جن میں سیدنا صدیق اکبرؓ کے کردار کو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بچوں میں دینی شعور اور اسلامی اقدار کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے مثبت اور تعمیری پروگرام آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔
رپورٹ محمد عمر فاروق سٹاف رپورٹر سٹارنیوز
#childrenwalk #Jhang #abubakarassiddiq #اطفال_مارچ #jhangdevelopmentprogram #NA109 #pp127








