صحافت ایک معزز اور ذمہ دار پیشہ ہے، بلیک میلنگ اور غیر پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ

تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور

**ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صحافت ایک معزز، باوقار اور ذمہ دار پیشہ ہے، جس کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کی نشاندہی، حقائق کی ترجمانی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، تاہم صحافت کی آڑ میں بلیک میلنگ، ناجائز دباؤ اور غیر پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار صحافیوں کا احترام اور ان کے ساتھ تعاون کیا جائے گا، جبکہ صحافت کے نام پر مبینہ طور پر بلیک میلنگ یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صحافت اور بلیک میلنگ میں واضح فرق ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صحافتی ذمہ داریاں دیانت داری، غیر جانب داری اور پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق ادا کی جائیں۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پولیس اور صحافیوں کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کا رشتہ عوامی مسائل کے حل اور قانون کی حکمرانی کے لیے اہم ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ مستند معلومات کی بنیاد پر خبریں شائع کریں اور کسی بھی معاملے میں مؤقف کی تصدیق کو ترجیح دیں، جبکہ پولیس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ جائز صحافتی سوالات کے جوابات دے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صحافیوں کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں قانون کی بالادستی، عوام کے تحفظ اور میرٹ پر مبنی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے شواہد اور قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔*