ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کے ضلع بھر کے ہسپتالوں کے دورے، طبی سہولیات، بچوں کی دیکھ بھال، صفائی اور انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ، عوامی حلقوں کا خراجِ تحسین
تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور
**ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک نے ضلع بھر کے ہسپتالوں کے مختلف شعبوں کا دورہ کرکے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، بچوں کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور انسدادِ ڈینگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور مفت ادویات کی بلا تعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، او پی ڈی، تشخیصی لیبارٹری، آئی سی یو اور فارمیسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت طبی امداد، بہتر علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے بچوں کی دیکھ بھال، بالخصوص بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت، تحفظ اور بہتر پرورش کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کو محفوظ ماحول اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ایسے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات اور متعلقہ اداروں کی ذمہ دارانہ کارکردگی ناگزیر ہے۔انہوں نے ہسپتالوں اور دیگر متعلقہ مقامات پر صفائی ستھرائی اور ڈینگی سرویلنس کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ روزانہ صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں شہریوں کی معمول کی سرگرمیاں شروع ہونے سے پہلے مکمل کی جائیں، جبکہ ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی سو فیصد کوریج یقینی بناتے ہوئے لاروا کی افزائش روکنے کے لیے نگرانی اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور مستعدی سے ادا کریں۔ ہسپتالوں میں صفائی، طبی سہولیات کی بہتری اور ڈینگی کے تدارک کے لیے جاری سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی بھی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی جانب سے صحت عامہ، بچوں کی فلاح و بہبود، صفائی ستھرائی اور انسدادِ ڈینگی اقدامات پر توجہ دینے کو عوامی حلقوں نے سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کی مؤثر نگرانی، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ایسے اقدامات خوش آئند ہیں۔ امید ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شہریوں کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔*













