ٹوبہ ٹیک سنگھ: سی سی ڈی کا بڑا کھڑاک، پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ منشیات فروش و رابر ہلاک

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی پولیس نے ایک جرات مندانہ اور کامیاب کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش، رابر اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔تفصیلات کے مطابق آج بروز 31 جنوری 2026 بوقت صبح 5 بج کر 45 منٹ سی سی ڈی ٹوبہ ٹیک سنگھ کی خصوصی ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ گاؤں 185 گ ب کے علاقے میں دو خطرناک جرائم پیشہ افراد موجود ہیں۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی جانب سے دفاعی حکمت عملی کے تحت جوابی فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت شہران عرف شان ولد مراتب قوم گادھی، سکنہ 185 گ ب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام سے ہوئی، جو پولیس کے مطابق بدنام زمانہ منشیات فروش، رابر اور ڈکیت تھا اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج تھے۔ ملزم طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث رہا پولیس نے موقع واردات سے ناجائز پمپ ایکشن 12 بور بندوق، کارتوسوں سے بھرا تھیلا اور 250 گرام آئس (منشیات) برآمد کر لی، جبکہ واقعہ کے بعد فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔سی سی ڈی پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں، رابرز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس حکام نے واضح کیا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں اور شہری حلقوں نے سی سی ڈی پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے امن و امان کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔*