کھوہ ڈباں والا میں محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد، مشعل بردار جلوس بھی نکالا گیا
احمد پور سیال (نمائندہ خصوصی): موضع کنڈل کھوکھراں، کھوہ ڈباں والا میں حاجی محمد عارف واہگہ کے ڈیرے پر جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان اور روح پرور محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ علاقہ اور عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز نمازِ عصر کے بعد ہوا، جبکہ نمازِ مغرب کے بعد خصوصی خطاب کا اہتمام کیا گیا۔ محفل کے خصوصی مقرر پیر طریقت رہبر شریعت آلِ نبی اولادِ علی حضرت علامہ مولانا پروفیسر سید فخر حسین شاہ، پیر جگی شریف والے تھے، جنہوں نے سیرتِ طیبہ، عشقِ رسول ﷺ اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر خصوصی خطاب کیا۔
محفل کے دوران نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور ذکر و درود کی محفل بھی سجائی گئی، جس سے روحانی و مذہبی ماحول مزید پُرنور ہو گیا۔ شرکاء نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ محفل میں شرکت کی اور حضور اکرم ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔
محفل کے اختتام پر مشعل بردار جلوس نکالا گیا، جو کھوہ ڈباں والا سے روانہ ہو کر چک نمبر 3/3 آر میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں شرکاء نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
منتظمین کی جانب سے محفل میں شرکت کرنے والے افراد کے لیے لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا تھا۔ شرکاء نے محفل کے انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر منتظمین تحریک منہاج القرآن، یونین کونسل کنڈل کھوکھراں کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور کہا گیا کہ ایسی محافل محبتِ رسول ﷺ، دینی شعور اور باہمی اخوت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
رپورٹ: عبدالستار — چیف ایڈیٹر، نظامِ پاکستان













