اگست میں واسا کو موصول 1200 شکایات کا فوری ازالہ، شہری سہولیات کی بہتری اور نکاسیٔ آب کیلئے واسا ٹیمیں ہمہ وقت متحرک، ایم ڈی چوہدری کامران رضا کاہلوں

تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ: شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، سیوریج سسٹم کی بہتری، نکاسیٔ آب کے مسائل کے فوری ازالے اور عوامی شکایات پر بروقت کارروائی کسی بھی شہری ادارے کی کارکردگی کا اہم پیمانہ ہوتی ہے۔ اس حوالے سے واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے شہریوں کی شکایات کے ازالے اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ واسا کی فیلڈ ٹیمیں شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت متحرک ہیں۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری کامران رضا کاہلوں نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کیلئے شکایات کے فوری ازالے کا مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے۔ واسا کی کوشش ہے کہ شہری اپنی شکایت درج کروانے کے بعد اس کے حل کیلئے غیر ضروری انتظار کا شکار نہ ہوں بلکہ متعلقہ ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مسئلے کا جائزہ لے اور ممکنہ حد تک بروقت کارروائی یقینی بنائے۔انہوں نے بتایا کہ ماہ اگست کے دوران واسا کو تقریباً 1200 شہری شکایات موصول ہوئیں، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام شکایات کو حل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات کو محض رجسٹر کرنے کے بجائے ان کے عملی حل کو ترجیح دی جا رہی ہے، کیونکہ عوامی خدمت کا اصل مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔چوہدری کامران رضا کاہلوں نے کہا کہ سیوریج سسٹم اور آب نکاسی کے حوالے سے واسا کی ٹیمیں ہمہ وقت متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں، مین ہولز اور نکاسیٔ آب سے متعلق مسائل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بارشوں کے دوران پانی کے بروقت اخراج اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے فیلڈ عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو درپیش سیوریج اور نکاسیٔ آب کے مسائل کے مستقل حل کیلئے نہ صرف شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے بلکہ جہاں ضرورت ہو وہاں تکنیکی بنیادوں پر مسئلے کے مستقل تدارک کیلئے بھی اقدامات کیے جاتے ہیں۔ واسا انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول، بہتر سیوریج نظام اور نکاسیٔ آب کی سہولیات میسر آئیں۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی عوامی ادارے کی کارکردگی کا حقیقی اندازہ اسی وقت ہوتا ہے جب شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے ازالے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ واسا کی جانب سے شکایات کے بروقت حل اور فیلڈ ٹیموں کی متحرک موجودگی سے شہریوں کو درپیش سیوریج اور نکاسیٔ آب کے مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ شکایات کے ازالے کے اس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، فیلڈ ٹیموں کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے اور شہریوں کی جانب سے نشاندہی کیے جانے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ واسا اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو اور عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے۔*