ستھرا پنجاب پروگرام: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے، ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید
تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور
*صفائی نصف ایمان ہے اور صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ کسی بھی شہر کی خوبصورتی، شہریوں کے معیارِ زندگی اور معاشرتی ترقی کا اندازہ وہاں کے صفائی ستھرائی کے نظام سے لگایا جا سکتا ہے۔ صاف ستھرے شہر نہ صرف شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور عوامی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اقدامات جاری ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، گلی محلوں، بازاروں، شاہراہوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید کے مطابق صفائی ستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں اور عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے، صفائی کے انتظامات کی نگرانی اور عوامی شکایات کے ازالے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی آبادیوں میں بھی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صاف ستھرے پنجاب کا دائرہ کار ہر علاقے تک پہنچ سکے۔ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ صفائی کے عمل کو محض کسی مہم یا چند روزہ سرگرمی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے مستقل نظام کی شکل دی جائے۔ کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لیے مناسب انتظامات، بروقت منتقلی، نکاسی آب کے مسائل کا حل، گلیوں اور بازاروں کی باقاعدہ صفائی اور کوڑے کو مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگانا اس نظام کے بنیادی تقاضے ہیں۔ اسی طرح صفائی کے عملے کو ضروری سہولیات، جدید مشینری اور مناسب وسائل کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، متعلقہ افسران اور صفائی کے عملے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ افسران کی مسلسل نگرانی، فیلڈ میں موجودگی، ذمہ داریوں کی واضح تقسیم اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی سے صفائی کے نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ہر ضلع اور تحصیل میں مقامی ضروریات کے مطابق حکمت عملی مرتب کرنا بھی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہو۔تاہم صفائی ستھرائی صرف حکومت یا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس قومی اور معاشرتی ذمہ داری میں عوام کا تعاون بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ سڑکوں، گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے سے گریز کریں، گھروں اور کاروباری مراکز کا فضلہ مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ تعلیمی اداروں، مساجد، سماجی تنظیموں اور میڈیا کے ذریعے صفائی کے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ستھرا پنجاب پروگرام کی مؤثر اور مستقل نگرانی کے ذریعے شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ بالخصوص گلی محلوں، اندرونِ شہر، مرکزی بازاروں، دیہی آبادیوں اور عوامی مقامات پر صفائی کے انتظامات کو یکساں اہمیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی علاقے کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شروع کیے گئے ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات عام شہری تک پہنچیں، صفائی کے نظام میں تسلسل برقرار رہے اور کارکردگی کو محض دعوؤں کے بجائے عملی نتائج کی بنیاد پر جانچا جائے۔ صاف ستھرا پنجاب صرف ایک حکومتی پروگرام نہیں بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے، جس کی کامیابی حکومت، انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔صاف ستھرا پنجاب، صحت مند پنجاب اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔*













