تعارف ارشد اقبال حسینی
تحریر ڈاکٹر اقبال ندیم ملانہ گولڈ میڈلسٹ

جناب ارشد اقبال حسینی صاحب کا تعلق میٹھی رس بھری سرزمین موڑ منڈی شاہ جیونہ سے ھے۔ میرے بھائی ڈاکٹر ریاض حسین ملانہ کےقریبی دوست ہیں۔ اور انہی ہی کی وساطت سے میری ملاقات ہوئی۔
ان کی ظاہری شخصیت کو دیکھا جائے تو چہرے پہ خوبصورت اور معصومیت بھری مسکراہٹ سجائے ، سر پہ سلیقہ سے بال سجاۓ دیکھ کر ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ وہ بہت ہی رکھ رکھاؤ والی ، باوقار اور سلجھی ہوئی شخصیت ہیں ۔پہلی نظر میں ہی ان کی مسکراہٹ انسان کو اپنا گرویدہ بنا لیتی ہے ۔
یہ حقیقت ہے کہ کسی فرد یا معاشرے کو سنوارنے اور سدھارنے کے لیے جو شخص مرکزی کردار ادا کر سکتا ہے وہ استاد ہے ۔بدقسمتی سے آج کل استاد کے کردار کو محدود کیا جا رہا ہے ، لیکن استاد اگر لفظوں کے خوبصورت موتی پرونا جانتا ہو تو وہ اپنی اس کردار سازی کی طاقت کو بخوبی استعمال کر سکتا ہے ، ارشد اقبال حسینی صاحب یہ کام بہت ہی خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہے ہیں ۔ انکے شاگرد مختلف شعبوں میں اعلی عہدوں پر ملک وقوم کی خدمت کر رھے ہیں۔
وہ حقیقت میں صرف ایک استاد کا ہی نہیں بلکہ ایک اصلاح کار اور مبلغ کا فریضہ بھی سر انجام دے رہے ہیں۔ وہ مغربی تہذیب کی یورش سے ہمارے معاشرے میں پیدا ہونے والی بے راہروی ، بےحسی اور بد تہذیبی سے نالاں نظر آتے ہیں ۔ جہالت اور بےحیائی سے بھری سماجی روایات و اقدار ان کا ہدف ہیں،کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے گھریلو اورمعاشرتی نظام کا جو شیرازہ بکھر رہا ہے ،اسکی بنیادی وجہ دین اسلام سے دوری اور پیغمبرانہ اصولوں سے انحراف ہے ۔ قرآن اور سماج لازم و ملزوم ہیں اور آج کا معاشرہ اور ہزاروں سال بعد کا معاشرہ ہمیشہ اس بات کا پابند رہے گا کہ وہ قرآن و سنت و اہل بیت کی تعلیمات سے راہنمائی حاصل کرے ، اسی لیے انکے قول وفعل میں اللّہ تعالیٰ کے احکامات اور تعلیمات نبوی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
وہ صرف ایک منجھے ہوئے استاد ہی نہیں ہیں بلکہ ایک عاجزی بھرا درد مند دل رکھنے والے اور لوگوں میں آسانیاں بانٹنے والے انسان بھی ہیں۔ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتےہیں۔وسیع حلقہ احباب رکھتے۔ دوستوں سےتعلق نبھانا کوئی ان سےسیکھے۔
اللّہ تعالیٰ سے دعا ہے برادرمکرم ارشداقبال حسینی صاحب کو مزید کامیابیوں اور عزتوں سے نوازے اور ان کے فن کو رفعتیں عطا فرمائے ۔آمین
ڈاکٹرمحمداقبال ندیم ملانہ(گولڈمیڈلسٹ)








