ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری، سرکاری و عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں تیز، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سید مجاہد عباس
تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور
**ٹوبہ ٹیک سنگھ: وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی زیر نگرانی ضلع بھر میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن مسلسل جاری ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں، تجارتی مراکز، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا گیا ہے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سید مجاہد عباس نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی زیر نگرانی ضلع بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صاف ستھرا، منظم اور تجاوزات سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں اور اہم تجارتی مراکز میں دکانداروں کی جانب سے دکانوں کے باہر سامان رکھنے، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضے اور عوامی راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سید مجاہد عباس کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ افسران اور عملے کو متحرک رکھا گیا ہے اور کارروائیوں کے دوران سرکاری و عوامی جگہوں کو واگزار کرانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ دکانداروں اور تاجروں کو بھی چاہیے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، اپنا کاروباری سامان مقررہ حدود میں رکھیں اور عوامی گزرگاہوں کو ہر صورت کھلا رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کی مہم محض عارضی کارروائی نہیں بلکہ شہری نظم و ضبط، بہتر ٹریفک نظام اور عوامی سہولت کے لیے ایک مسلسل عمل ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی، جبکہ تجاوزات کے دوبارہ قیام کی روک تھام کے لیے بھی متعلقہ عملے کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔شہری حلقوں کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ بازاروں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر عوام کو بلا رکاوٹ آمدورفت کی سہولت میسر آ سکے۔ اس سلسلے میں تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کا تعاون بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے، کارروائیوں میں یکساں قانون کا اطلاق یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شہری یا کاروباری طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو، تاکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ایک منظم، صاف ستھرا اور بہتر شہری ماحول فراہم کیا جا سکے۔*













