ٹوبہ ٹیک سنگھ: عرصہ دراز سے غیر فعال واٹر ورکس اکال والا روڈ کی بحالی کا کام جلد شروع ہوگا، منصوبے پر تقریباً 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی، ایم ڈی واسا چوہدری کامران رضا کاہلوں

تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور

ٹوبہ ٹیک سنگھ:منیجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری کامران رضا کاہلوں نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ماہم آصف ملک کی خصوصی ہدایات پر شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صاف پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں عرصہ دراز سے غیر فعال واٹر ورکس اکال والا روڈ کی بحالی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس پر تقریباً 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ واٹر ورکس اکال والا روڈ کافی عرصے سے غیر فعال ہونے کے باعث شہریوں کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا۔ اس مسئلے کے حل کے لیے واسا انتظامیہ نے اس کی بحالی کے اقدامات شروع کر دیے ہیں اور جلد تعمیر و مرمت کا کام شروع کر دیا جائے گا۔چوہدری کامران رضا کاہلوں نے کہا کہ واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واٹر ورکس اکال والا روڈ کی بحالی سے متعلقہ علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ واسا انتظامیہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔