فیڈمک سے ملحقہ دیہات کے عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس، ایم پی اے آزاد علی تبسم کی زیرصدارت مختلف تجاویز پر تفصیلی غور،قدیم دیہی راستوں کی بحالی، نئی سڑکوں کی تعمیر، آبی گزرگاہوں کی صفائی، سیم نہروں میں صنعتی فضلے کی روک تھام اور واٹر فلٹریشن پلانٹ سمیت متعدد مسائل اٹھا دیے گئے، فیڈمک انتظامیہ کی جلد حل کی یقین دہانی
تحریر و تجزیہ: محمد زاہد مجید انور
*چک جھمرہ: فیڈمک سے ملحقہ دیہات کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل، قدیم دیہی گزرگاہوں، آبی راستوں اور سیم نہروں سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے فیڈمک انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ اور رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم پر مشتمل اجلاس فیڈمک کے مرکزی ہال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایم پی اے آزاد علی تبسم نے کی۔ اجلاس میں چک نمبر 158، 160، 161، 152، 157، 159، 134، 135 اور 136 سمیت ملحقہ دیہات کے رہائشیوں اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ایم پی اے آزاد علی تبسم نے فیڈمک انتظامیہ کے سامنے عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے زور دیا کہ دیہات کے قدیم راستے بند کرنے سے قبل متبادل راستوں کی تعمیر اور آمدورفت کی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مقامی آبادی کو روزمرہ آمدورفت، زرعی سرگرمیوں اور دیگر ضروری امور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے فیڈمک سے گزرنے والی آبی گزرگاہوں کی صفائی، سیکیورٹی گیٹوں سے گزرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور مخصوص راستوں سے آمدورفت کے لیے سیکیورٹی پاسز کے اجراء کی تجاویز بھی پیش کیں۔ایم پی اے آزاد علی تبسم نے سیم نہروں میں مختلف کارخانوں اور فیکٹریوں کی جانب سے مبینہ طور پر غیر ٹریٹ شدہ پانی، کیمیکلز اور صنعتی فضلہ پھینکے جانے کے معاملے کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سے زمینداروں اور کاشتکاروں کی زرعی زمینوں، فصلوں اور آبپاشی کے نظام کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ ضروری ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو ماحولیاتی تحفظ اور صنعتی فضلے کی مناسب ٹریٹمنٹ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔اجلاس میں بوٹیاں والا اور نیپالکے کے درمیان ریلوے لائن پر پھاٹک کی تعمیر، مترانوالی اور بکھڑے والی کے درمیان نئی سڑک کی تعمیر، صوبے چک اور بانگے چک کو ملانے کے لیے رابطہ سڑک کی فراہمی اور فیڈمک سے ملحقہ دیہات کے کاشتکاروں کو نہری کھالوں کی صفائی اور آبپاشی کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی تجاویز بھی زیرغور آئیں۔اسی طرح مترانوالی میں عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب، چک جھمرہ میں انٹرچینج کی تعمیر اور فیڈمک کے مخصوص راستوں سے گزرنے کے لیے سیکیورٹی پاسز کے اجراء سمیت دیگر اہم عوامی مطالبات بھی اجلاس کا حصہ تھے۔اس موقع پر گزشتہ سال راستوں کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے والے ملحقہ دیہات کے رہائشیوں کے خلاف درج ایف آئی آرز کے اخراج کا معاملہ بھی اٹھایا گیا، جس پر ڈی ایس پی محمد ندیم اور متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت کی گئی۔ ایم پی اے آزاد علی تبسم نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی مسائل کو افہام و تفہیم اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی اور صنعتی اداروں کے درمیان بہتر روابط قائم رہیں۔اجلاس میں فیڈمک انتظامیہ کی جانب سے ایم پی اے آزاد علی تبسم کی پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد کے لیے طریقہ کار وضع کرنے اور نشاندہی کیے گئے مسائل کے جلد حل کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔اجلاس میں کرنل (ر) محمد پرویز، ڈی ایس پی رانا محمد ندیم، اسسٹنٹ کمشنر حلیمہ منیر، محکمہ ماحولیات کے نمائندوں، ریونیو مینجر، فیڈمک کے قانونی امور کے جنرل مینجر، جنرل مینجر ایچ آر، چیف سیکیورٹی آفیسر، تکنیکی امور کے ماہرین اور فیڈمک انتظامیہ کے مختلف شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔یہ اجلاس اس اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ملحقہ دیہات کے عوام کے بنیادی حقوق، زرعی ضروریات، صاف پانی، ماحولیات کے تحفظ اور آمدورفت کی سہولیات کو بھی یکساں اہمیت دی جائے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو درپیش دیرینہ مسائل سے مستقل ریلیف مل سکے۔*













