اللہ تعالیٰ کو محبوب بندے کون ہیں؟ خوشی اور تنگی میں خرچ کرنے والے، غصہ پی جانے والے اور لوگوں کو معاف کرنے والے عظیم صفات کے حامل ہوتے ہیں، حضرت مولانا قاری عبد المجید مجاہد

تحریر وتجزیہ: محمد زاہد مجید انور

*جامع مسجد مرکزی اہلحدیث ٹوبہ ٹیک سنگھ، محلہ انصاریاں کے خطیب اور معروف عالم دین حضرت مولانا قاری عبد المجید مجاہد نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو وہ بندے محبوب ہیں جو اپنی زندگی کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق گزارتے ہیں، دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کرتے ہیں اور اپنے کردار و عمل سے معاشرے میں محبت، اخوت، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام عام کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے محبوب اور نیک بندوں کی جن نمایاں صفات کا ذکر فرمایا ہے، ان میں تین عظیم خوبیاں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی صفت یہ ہے کہ اللہ کے محبوب بندے خوشحالی اور تنگ دستی، دونوں حالتوں میں اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں۔ ان کا جذبہ صرف مال و دولت کی فراوانی تک محدود نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق ضرورت مندوں، غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کی مدد کرتے ہیں۔ حقیقی نیکی یہ ہے کہ انسان مشکل حالات میں بھی دوسروں کا احساس کرے اور اللہ کی رضا کے لیے اپنا مال خرچ کرنے سے دریغ نہ کرے۔حضرت مولانا قاری عبد المجید مجاہد نے دوسری صفت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ بندے غصے کو پی جانے والے ہوتے ہیں۔ غصہ انسانی فطرت کا حصہ ہے، لیکن اصل کامیابی یہ ہے کہ انسان غصے کی حالت میں اپنے جذبات پر قابو رکھے، زبان اور رویے کو اعتدال میں رکھے اور کسی دوسرے کو اپنی تلخ باتوں یا غصے سے تکلیف نہ پہنچائے۔ غصے پر قابو پانا کمزوری نہیں بلکہ اعلیٰ ظرفی، صبر اور مضبوط کردار کی علامت ہے۔انہوں نے تیسری صفت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو وہ لوگ بھی محبوب ہیں جو دوسروں کی غلطیوں کو معاف کر دیتے ہیں۔ معاف کرنا ایک عظیم اخلاقی خوبی ہے، جو انسان کے دل سے نفرت، کینہ اور عداوت کو ختم کرکے محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیتی ہے۔ اگر معاشرے میں ہر شخص دوسروں کی غلطیوں کو معاف کرنے، درگزر کرنے اور اصلاح کا جذبہ پیدا کرلے تو بہت سے گھریلو، معاشرتی اور باہمی تنازعات خودبخود ختم ہوسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید کی سورۃ آل عمران میں اللہ تعالیٰ نے ان متقی لوگوں کی صفات بیان فرمائی ہیں جو خوشحالی اور تنگ دستی میں خرچ کرتے، غصے کو پی جاتے اور لوگوں کو معاف کرتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ ایسے نیکوکاروں سے محبت فرماتا ہے۔ یہ محض چند اخلاقی نصیحتیں نہیں بلکہ ایک مثالی اسلامی معاشرے کی بنیاد ہیں۔حضرت مولانا قاری عبد المجید مجاہد نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے کو انہی قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں سخاوت، برداشت، صبر، عفو و درگزر اور دوسروں کے حقوق کا احترام پیدا کرنا ہوگا۔ صرف عبادات ہی نہیں بلکہ اچھے اخلاق، نرم گفتاری، خدمتِ خلق اور لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک بھی دینِ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہیں۔آخر میں انہوں نے زور دیا کہ ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور محبت حاصل کرنے کے لیے ان تینوں صفات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے، ضرورت مندوں کی مدد کرے، غصے پر قابو رکھے اور دوسروں کو معاف کرنے کا حوصلہ پیدا کرے۔ یہی وہ خوبیاں ہیں جو انسان کو اللہ تعالیٰ کا محبوب بندہ بنانے اور دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔*