ہم بے حس لوگوں کی جنگ لڑ رہے ہیں
تحریر : راشد صدیق انجم
رہنما اگیگا و ضلعی نائب صدر
پنجاب ٹیچرز یونین رحیم یار خان
یہ تحریر ان ملازمین کےلیے ہے جو لاکھوں کی تعداد میں گھر بیٹھ کر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پہ شور واویلا کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے ۔پہلے بہانہ کہ سمجھوتہ کر لیتے ہیں ۔ پھر یہ نقطہ کہ اکٹھے نہیں ہوتے ۔ پھر کہتے کہ یہ ذاتی مفادات کےلیے کوشش کر رہے ہیں لیکن تاریخ گواہ ہے کہ گنتی کے چند لوگوں کی جدوجہد سے ملنے والی مراعات پہ ایسے شادیانے بجاتے ہیں کہ جیسے سب کچھ ان کو ملنا پہلے سے طے شدہ تھا ۔
پورے پنجاب میں جملہ یونینز اتحاد و اتفاق سے آگے بڑھ رہی ہیں لیکن یہ لاکھوں لوگ گھر میں ستو پی کر سوئے ہیں ۔
ذہنوں میں خباثت ، لفظوں میں تنقیدی نشتر ، لہجے میں اکڑ اور تکبر جبکہ نقطہ چینی میں ان سے بڑا کوئی فلاسفر نہیں ۔
مرے ہوئے لوگ نہ سنتے ہیں ۔نہ اٹھتے ہیں ۔نہ بولتے ہیں ۔نہ کچھ کر سکتے ہیں ۔ یہ سب مفت خور اور گھر میں بیٹھ کر دوسروں کے خون پسینے کی جدوجہد پہ عیاشیاں کرنے والے بے حس لوگ ہیں ۔
پنجاب میں بیس لاکھ سے زائد ملازمین ہیں لیکن احتجاج میں دوہزار بندہ بھی مشکل سے لاہور اکٹھا ہوتا ہے ۔
ضلعی سطح پہ پچاس ساٹھ ہزار کم و بیش ملازمین سے تین سو لوگ بمشکل نکلتے ہیں ۔یہ گھر بیٹھنے والے مفلوج ، کند ذہن اور اخلاقی لحاظ سے بیمار لوگ ہیں ۔
یہ لوگ بروز قیامت صور پھونکے جانے پہ ہی جاگ سکتے ہیں وگرنہ اس سے پہلے یہ ظلم و زیادتیوں پہ خاموشی جبکہ جدوجہد کرنے کے بعد مراعات ملنے پہ عیدیں مناتے ہیں وگرنہ ہر مشکل وقت میں یہ بے حس ہونے کے القابات پہ بھی مہر ثبت کرنے والے لوگ ہیں ۔
اپنے تجربات کو سامنے رکھ کر میں اس نتیجے پہ پہنچا ہوں کہ کوئی فلسفہ ، کوئی پکار ، کوئی زیادتی ، کوئی ظلم ، کوئی جبر ، کوئی احساس ، کوئی۔تحریر ، کوئی لفظ ، کوئی آواز انہیں ٹس سے مس نہیں کر رہی ۔
یہ زمیں پہ رینگنے والے کیڑے مکوڑوں سے مماثلت رکھتے ہیں ۔انہیں کوئی کچل دے ، کوئی تیز ہوا انہیں ہلادے ، اڑا دے یا پھر کوئی آگ انہیں جلا دے یہ خود کو بے بس ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ۔
اللّہ پاک اس طرز کے تمام ملازمین کو سوچنے ، سمجھنے ، دیکھنے ، جاگنے اور جدوجہد کرنے کی توفیق عطا فرمائے وگرنہ یہ کوشش اور جدوجہد کے دروازے کو کب کا بند کر چکے ہیں ۔ اور گھر بیٹھ کر ابابیلوں کا انتظار کر رہے ہیں ۔
اللّہ پاک کوشش کرنے اور ان بے حس لوگوں کےلیے صف اول میں رہنے والی بے باک قیادت کی حفاظت فرمائے اور کامیابی عطا فرمائے ۔آمین










