فائزہ مراد ایڈوکیٹ کو تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مقرر کیے جانے پر خراجِ تحسین
تحریر۔محمد زاہد مجید انور
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاسی فضا میں ایک اہم اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق، محترمہ فائزہ مراد ایڈوکیٹ کو پارٹی کے سنٹرل سیکریٹریٹ کی جانب سے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا گیا ہے۔ ان کی یہ تقرری 2 جون 2025ء سے فوری طور پر نافذالعمل ہو چکی ہے۔فائزہ مراد ایڈوکیٹ ایک باصلاحیت وکیل اور سرگرم سیاسی کارکن کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ وہ نہ صرف ایک سیاسی شعور رکھنے والی شخصیت ہیں بلکہ قانون کے شعبے میں بھی ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ان کی یہ تقرری تحریک انصاف میں خواتین کی شمولیت اور قیادت میں متحرک کردار کی عکاسی کرتی ہے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فائزہ مراد، پی ٹی آئی کے دیرینہ رہنما اور سابق ایم پی اے بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم کے صاحبزادے مراد اکرم کی اہلیہ ہیں، جو اس وقت ایک فوجی عدالت سے 10 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ مراد اکرم کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں چک نمبر 290 گ ب سے ہے۔ وہ اپنی دیانت، اصول پسندی اور عوام دوستی کی بنا پر حلقہ عوام میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عوام انہیں “عمران خان کے سپاہی” کے طور پر جانتی ہے۔فائزہ مراد کی تقرری سے نہ صرف حلقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے بلکہ یہ امید بھی پیدا ہوئی ہے کہ وہ پارٹی کے بیانیے کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچائیں گی اور سنٹرل پنجاب میں تحریک انصاف کی میڈیا پالیسی کو مزید مضبوط بنائیں گی۔تحریک انصاف کی قیادت نے فائزہ مراد پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ یقیناً ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ پارٹی کارکنان اور عوامی حلقے اس تقرری کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔








