چیف آفیسر پیام غنی کی دوبارہ تعیناتی: ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ترقی کی نئی امید

تحریر: محمد زاہد مجید انور

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی بلدیاتی سطح پر انتظامی تبدیلیوں کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جب سابق چیف آفیسر بلدیہ چیچہ وطنی، محترم پیام غنی کو ایک بار پھر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کر دیا گیا ہے۔ پیام غنی اس سے قبل بھی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اسی عہدے پر کامیابی سے فرائض انجام دے چکے ہیں اور اُن کی واپسی شہری حلقوں میں خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔چیف آفیسر پیام غنی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اُن کے مطابق شہر میں جاری ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ سیوریج نظام کی بہتری بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیام غنی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور بروقت ردعمل ان کے دفتری معمولات کا حصہ ہوگا۔پیام غنی کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کو صاف، شفاف اور صحت بخش ماحول کی فراہمی میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے صفائی کے نظام میں بہتری، سڑکوں کی حالت، سیوریج نکاسی، اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ان کی دوبارہ تعیناتی کو مقامی سطح پر نیک شگون سمجھا جا رہا ہے۔ شہریوں کی توقعات ایک بار پھر بلند ہوئی ہیں کہ ایک باصلاحیت، ایماندار اور تجربہ کار افسر کی موجودگی میں بلدیاتی معاملات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ پیام غنی کی قیادت میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے، بشرطیکہ ان کے وژن اور ارادوں کو مسلسل حکومتی و عوامی تعاون حاصل رہے۔