محکمہ جنگلات پنجاب کے نمائندہ وفد کی رکن پنجاب اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ سے ملاقات
ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی، آواز اسمبلی میں بلند کرنے کا اعادہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) محکمہ جنگلات پنجاب کے نمائندہ وفد نے گزشتہ روز رکن صوبائی اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران محکمہ جنگلات سے وابستہ ملازمین کو درپیش مختلف نوعیت کے مسائل اور مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے ایم پی اے چوہدری امجد علی جاوید کو بتایا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کئی عرصے سے بنیادی سہولیات، ترقیوں، تنخواہوں میں عدم توازن، اور فیلڈ ورک میں درپیش عملی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض علاقوں میں درختوں کے غیر قانونی کٹاؤ، تحفظِ ماحول کے اقدامات میں کمی اور جنگلات کے رقبے میں کمی جیسے سنگین معاملات بھی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔چوہدری امجد علی جاوید نے وفد کی بات انتہائی توجہ سے سنی اور تمام مسائل کو بجا قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کے ملازمین ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جنہیں درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کے مسائل کو نہ صرف پنجاب اسمبلی کے فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے بلکہ متعلقہ حکام سے بھی فوری رابطہ کرکے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کروائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں محکمہ جنگلات کا کردار نہایت اہم ہے، جسے مزید فعال اور بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن حمایت فراہم کی جائے گی۔وفد نے چوہدری امجد علی جاوید کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں جلد ثمر آور ثابت ہوں گی۔












