حاجی عبد الحمید سرہندی مرحوم — والد، رہنما اور خدمت کا نشان
تحریر محمد زاہد مجید انور


فادرز ڈے کا دن دنیا بھر میں اُن عظیم والدین کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنی اولاد کو نہ صرف زندگی دی بلکہ ان کی شخصیت کی بنیاد اخلاص، کردار، محنت اور خدمت جیسے سنہری اصولوں پر رکھی۔ ان ہی عظیم والدوں میں شہرِ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت، مرحوم حاجی عبد الحمید سرہندی کا نام عزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔مرحوم حاجی عبد الحمید سرہندی نہ صرف مرکزی انجمن تاجران کے سابق سرپرستِ اعلیٰ تھے بلکہ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے طور پر بھی انہوں نے عوامی فلاح، بلدیاتی ترقی اور شہر کی تعمیر و زیبائش کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔ وہ ایک ایسے انسان تھے جن کی زبان سے نکلے وعدے الفاظ نہیں بلکہ عمل ہوا کرتے تھے۔ان کی شخصیت میں وقار، شرافت، بردباری، عاجزی اور خدمت کا جذبہ نمایاں تھا۔ وہ سیاست کو ذاتی فائدے کا ذریعہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کا فریضہ سمجھتے تھے۔ اُن کے دورِ قیادت میں شہر کے کئی بنیادی ترقیاتی منصوبے عملی شکل میں آئے، بازاروں کی تنظیم نو ہوئی، اور تاجر برادری کو نئی شناخت ملی۔مرحوم نہ صرف ایک کامیاب منتظم اور کاروباری شخصیت تھے، بلکہ وہ ایک مثالی والد بھی تھے۔ اُن کی تربیت کا عملی ثبوت ان کے فرزند میاں شہزاد احمد کی شکل میں آج بھی دیکھا جا سکتا ہے، جو اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شہر کی سیاسی، سماجی اور کاروباری فلاح میں سرگرمِ عمل ہیں۔ ان کی کامیابیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ حاجی عبد الحمید سرہندی نے اپنی اولاد کو اصولوں، عزت اور دیانت کا ایسا سرمایہ عطا کیا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔فادرز ڈے کے اس بابرکت موقع پر ہم دل کی اتھاہ گہرائیوں سے حاجی عبد الحمید سرہندی مرحوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور ہمیں اُن جیسی شخصیات کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین ثم آمین۔وہ صرف میاں شہزاد احمد کے والد ہی نہیں، بلکہ پورے شہر کے لیے ایک باپ جیسی شفقت رکھنے والی ہستی تھے۔ آج بھی اُن کی کمی ہر دل میں محسوس کی جاتی ہے، مگر اُن کی خدمات اور کردار ہمیشہ زندہ رہیں گے۔









