ملک محمود ناصر – فوٹوگرافی کا روشن چراغ
تحریر ۔۔محمد زاہد مجید انور

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی صحافتی اور فنی دنیا میں ایک ایسا نام جو دہائیوں سے روشنی بکھیر رہا ہے، وہ ہے ملک محمود ناصر۔ ایک باوقار، محنتی اور باصلاحیت شخصیت جنہوں نے فوٹوگرافی کے شعبے میں اپنے غیر معمولی ہنر اور اخلاص کے ذریعے ایک الگ مقام بنایا۔ملک محمود ناصر 1964ء میں ملک فیعلی کے ہاں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ملک یعقوب مرحوم ایک سادہ، نیک نفس اور انتھک محنت کرنے والے انسان تھے۔ بچپن ہی سے ناصر صاحب نے اپنے والد کے ساتھ محنت مزدوری کے ذریعے زندگی کا سفر شروع کیا، جو آگے چل کر ان کے کردار کا مضبوط ترین پہلو بن گیا۔1988ء میں ملک محمود ناصر نے فوٹوگرافی کے شعبے میں قدم رکھا۔ ان کے پہلے استاد محترم سید غالب حسین زیدی تھے، جنہوں نے نہ صرف فوٹوگرافی کی بنیادی تکنیک سکھائی بلکہ فنی باریکیوں سے بھی روشناس کروایا۔ اس تربیت کا اثر ملک ناصر کی ہر تصویر اور ہر فلمی فریم میں واضح دکھائی دیتا ہے۔1991ء میں انہوں نے اُس وقت کے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد عابد مرحوم کے ساتھ فوٹوگرافی کا کام شروع کیا۔ محمد عابد کے ساتھ یہ رفاقت نہایت پُراثر اور سیکھنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوئی۔ ان کی وفات کے بعد، ملک محمود ناصر صاحب نے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن مقبول حسین سہو کے ساتھ بھی کام کیا، جہاں انہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں کو مزید جِلا بخشی۔ملک محمود ناصر نے 35 سال تک انفارمیشن آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خدمات سرانجام دیں۔ اس دوران انہوں نے سرکاری تقریبات، پریس کانفرنسز، نمائندہ دورے اور اہم تقریبات میں اعلیٰ معیار کی فوٹوگرافی فراہم کی۔ وہ ہر لمحے کو اس انداز سے کیمرے میں قید کرتے کہ وہ صرف تصویر نہ رہتی، بلکہ ایک زندہ حقیقت بن جاتی۔انفارمیشن آفس کے علاوہ، ناصر صاحب نے شادیاں، بیاہ، تقریبات اور دستاویزی کام میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی فلم بندی اور فوٹوگرافی کا انداز ہمیشہ انفرادیت کا حامل رہا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شاید ہی کوئی ایسا خاندان ہو جس کی کسی تقریب میں ملک ناصر کی خدمات نہ لی گئی ہوں۔ملک محمود ناصر کی شخصیت میں عاجزی، محنت، خلوص اور سادگی کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔ وہ نہ صرف ایک بہترین فوٹوگرافر ہیں بلکہ ایک مشفق انسان، بااخلاق شخصیت اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہیں۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ملک محمود ناصر صاحب کو صحت، تندرستی اور زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیاں عطا فرمائے، آمین۔*