ایمانداری اور خدمت کا اعتراف: توصیف الرحمن کی گریڈ 17 میں ترقی ایک خوش آئند قدم
تحریر: محمد زاہد مجید انور
کامیابی اُن لوگوں کا مقدر بنتی ہے جو خلوص نیت، دیانتداری اور محنت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیتے ہیں۔ آج ہمیں اس بات پر نہایت خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی پہچان، باصلاحیت، فرض شناس اور عوام دوست افسر توصیف الرحمن کو گریڈ 17 میں ریگولر ترقی دے دی گئی ہے۔ اس اہم موقع پر ہم انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔توصیف الرحمن کی شخصیت انتظامی امور میں مہارت، عوامی خدمت کے جذبے، اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی عملی تصویر ہے۔ انہوں نے بطور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ اور موجودہ میونسپل آفیسر ریگولیشن (ایم او آر) میونسپل کمیٹی گوجرہ اپنی بے لوث خدمات اور شب و روز محنت کے ذریعے وہ مقام حاصل کیا ہے جو صرف باکردار اور مستقل مزاج افراد کا نصیب بنتا ہے۔ان کی ترقی کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، اور پورے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوامی، سماجی اور بلدیاتی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کے دفتر کے ساتھیوں سے لے کر عام شہریوں تک، سب نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تعاون، خوش اخلاقی اور عوامی مسائل کے حل میں ان کی سنجیدگی کی دل کھول کر تعریف کی۔توصیف الرحمن کا طرزِ قیادت ہمیشہ انصاف، شفافیت اور خدمت پر مبنی رہا ہے۔ انہوں نے اداروں کے اندر موجود فرسودہ نظام کو چیلنج کرتے ہوئے جدید نظم و نسق کو فروغ دیا، وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا، اور ہر شہری کو برابر کی سہولتیں دینے کی کوشش کی۔یہ ترقی نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ ان تمام افسران کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے جو ایمانداری، خلوص اور محنت کو اپنا اصول بناتے ہیں۔ توصیف الرحمن جیسے افراد کا آگے آنا اس بات کی دلیل ہے کہ آج بھی نظام میں ایسی روشنیاں موجود ہیں جو اندھیروں کو چیر کر اُمید کی کرنیں بکھیرتی ہیں۔اس موقع پر دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، ان کے علم و عمل میں برکت دے، اور انہیں عوام کی مزید بہتر خدمت کا وسیلہ بنائے۔ آمین ثم آمین۔









