محلہ محمود آباد میں 25 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے بننے والی ٹل ٹائیٹل پر فوری ایکشن: ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی بروقت کارروائی عوامی داد سمیٹ گئی

تحریر: محمد زاہد مجید انور

جھنگ روڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گنجان آباد محلہ محمود آباد میں حالیہ دنوں ایک ٹل ٹائیٹل کی تعمیر پر 25 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی، جس پر مقامی شہریوں کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ عوامی نشاندہی اور ہماری خبر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے نہ صرف اس معاملے کی سنگینی کا ادراک کیا بلکہ بلا تاخیر موثر کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد جواد سردار کو انکوائری کا حکم جاری کیا۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اس حساس معاملے میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مبینہ ملوث افسران کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ضلعی انتظامیہ بدعنوانی، ناقص میٹریل اور سرکاری فنڈز کے ضیاع کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر گامزن ہے۔اس موقع پر محلہ محمود آباد کے عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے کہ انہوں نے عوامی آواز کو سنا اور فوری عملی اقدام اٹھایا۔ شہریوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد جواد سردار کی شفاف، غیرجانبدارانہ انکوائری کے اعلان کا بھی دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کیا ہے اور ان کی خدمات کو سراہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹل ٹائیٹل جیسے منصوبے عوامی سہولت کے لیے ہوتے ہیں، مگر جب ان میں کرپشن یا ناقص معیار شامل ہو جائے تو اس سے نہ صرف عوام کو نقصان ہوتا ہے بلکہ سرکاری رقوم بھی ضائع ہو جاتی ہیں۔ ایسے میں ضلعی انتظامیہ کا بروقت اور سخت قدم خوش آئند ہے۔یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ جب صحافت اپنی ذمہ داری نبھاتی ہے اور انتظامیہ عوامی فلاح کو اولیت دیتی ہے تو نظام میں شفافیت اور جواب دہی ممکن بنتی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس انکوائری کے نتیجے میں اصل حقائق سامنے آئیں گے اور جو بھی افسران ملوث پائے گئے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔آخر میں، عوام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنے مسائل پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور انتظامیہ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسی طرح عوامی مفاد کے معاملات پر سنجیدہ، غیرجانبدار اور فوری ردعمل دیتی رہے گی۔