کربلا، ایثار اور جدوجہد کا درس – حاجی جنید انوار چوہدری

تحریر: محمد زاہد مجید انور

ٹوبہ ٹیک سنگھ: وفاقی وزیر برائے بحری امور حاجی جنید انوار چوہدری نے محرم الحرام کی مناسبت سے ایک پراثر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں ایثار، صبر، اتحاد اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ ان کے مطابق حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی لازوال قربانی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی صدائے حق ہے جو ہر دور میں مظلوموں کے دل کی آواز بنتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا میں دین اسلام کی حفاظت کے لیے دی جانے والی قربانی انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والی ہے۔ امام عالی مقامؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکا کر ایک ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک حریت، سچائی اور عدل کے متلاشیوں کو راہ دکھاتی رہے گی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یوم عاشورہ دراصل عدل، وقار اور حق کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ اس موقع پر امت مسلمہ کو امام حسینؓ کے پیغام سے رہنمائی لیتے ہوئے باہمی اتحاد، بھائی چارے اور صبر و استقامت کو اپنانا چاہیے تاکہ ہم بطور قوم اپنے داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا مؤثر انداز میں کر سکیں۔انہوں نے نوجوانوں کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو امام حسینؓ کے کردار، مقصد اور نظریے سے سبق لینا چاہیے تاکہ وہ زندگی میں سچائی اور حق کے علمبردار بن سکیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو انہیں دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔حاجی جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کربلا صرف ماضی کا ایک باب نہیں بلکہ آج بھی ظلم، ناانصافی اور جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام ہے۔ اگر ہم واقعہ کربلا کی اصل روح کو سمجھیں اور اپنی زندگیوں میں اس پر عمل کریں تو ہم ایک پرامن، منصفانہ اور باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔