روشن مستقبل کی جانب ایک کامیاب قدم

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خصوصاً کمالیہ شہر کے لیے یہ ایک فخر کا لمحہ ہے کہ یہاں کی معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری شاہد اقبال گجر کے ہونہار صاحبزادے چوہدری عبدالہادی گجر نے اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ چوہدری عبدالہادی گجر نے برطانیہ کی مایہ ناز درسگاہ یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر، لندن سے قانون (LLB) کی ڈگری حاصل کر کے نہ صرف اپنے خاندان کا نام روشن کیا بلکہ ملک و قوم کا بھی سر فخر سے بلند کیا۔اس خوشی کے موقع پر لندن میں منعقد ہونے والی گریجویشن کی شاندار تقریب میں چوہدری عبدالہادی گجر اپنی والدہ، بہن بھائیوں، قریبی دوستوں اور پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی میں شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران جب ان کا نام پکارا گیا اور وہ اسٹیج پر اپنی ڈگری لینے پہنچے تو حاضرین نے پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس منظر نے واضح کر دیا کہ یہ نوجوان آنے والے وقت میں اپنے علم، بصیرت اور خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کرے گا چوہدری شاہد اقبال گجر، جو کمالیہ شہر کی سیاست، کاروبار اور سماجی خدمات میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں، نے اپنے بیٹے کی اس کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ”یہ لمحہ میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا نہ صرف ایک کامیاب وکیل بنے بلکہ ملک میں انصاف، قانون کی بالادستی اور معاشرتی ترقی کے لیے ایک مؤثر آواز بھی ثابت ہو۔چوہدری عبدالہادی گجر نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اپنے والدین، اساتذہ اور تمام دعاؤں دینے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ”یہ کامیابی صرف میری نہیں، میرے والدین کی قربانیوں، اساتذہ کی رہنمائی اور میرے خاندان کی محبت کا ثمر ہے۔ میرا مقصد ہے کہ میں پاکستان واپس آ کر قانون کے شعبے میں دیانت داری، شفافیت اور خدمت کے جذبے سے کام کروں۔”یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ چوہدری عبدالہادی گجر نہ صرف تعلیم میں نمایاں رہے، بلکہ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی طلباء کے ساتھ مل کر مختلف تعلیمی و ثقافتی تقریبات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ان کی قیادت میں کئی معاشرتی سرگرمیوں کا انعقاد ہوا، جو ان کے اندر چھپے لیڈرشپ اور تنظیمی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہےہم دعا گو ہیں کہ چوہدری عبدالہادی گجر اپنی عملی زندگی میں بھی اسی طرح کامیابیوں کے زینے طے کرتے رہیں، اور ایک دن پاکستان کے قانونی و سیاسی میدان میں ایک روشن ستارے کی مانند چمکیں۔اللہ تعالیٰ انہیں علم و عمل میں مزید برکت عطا فرمائے۔ آمین۔*