ذوالفقار صابر محنت، لگن اور خدمت کی پہچان
تحریر۔محمد زاہد مجید انور
*پنجاب کے قابل، محنتی اور ایماندار افسران میں ایک نمایاں نام اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر (PMS آفیسر) کا ہے، جنہوں نے کم وقت میں اپنے کردار، کام کی لگن اور عوامی خدمت سے ایک منفرد پہچان بنائی۔ذوالفقار صابر کا تعلق ضلع بہاولپور کی تحصیل خیرپور ٹامیوالی سے ہے، جہاں وہ ایک معزز زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محترم نذر محمد نہایت شریف النفس، باوقار اور اپنے علاقے میں عزت و احترام رکھنے والی شخصیت ہیں۔ذوالفقار صابر نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے سے حاصل کی، مڈل کا امتحان گورنمنٹ مڈل اسکول بستی دَر پور سے امتیازی نمبروں کے ساتھ پاس کیا، جبکہ میٹرک ہائیر سیکنڈری اسکول لڈان سے مکمل کیا۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے انہوں نے گورنمنٹ کالج بورے والا سے ایف ایس سی کی، اور پھر اسلامیہ یونیور سٹی بہاولپور سے انگلش لٹریچر میں بی اے اور ایم اے کیا۔ مزید علمی جستجو نے انہیں قانون کی تعلیم کی طرف راغب کیا، جس کے لیے انہوں نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایل ایل بی اور یونیورسٹی آف لاہور سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی۔ذوالفقار صابر نے عملی زندگی کا آغاز محکمہ داخلہ پنجاب، لاہور کے پولیس ونگ میں ملازمت سے کیا۔ اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر وہ جلد ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے چیف منسٹر آفس پنجاب لاہور میں بطور ڈائریکٹر فنانس خدمات انجام دینے لگے۔ وہاں بھی انہوں نے دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دی۔7 فروری 2025 کو ذوالفقار صابر نے اسسٹنٹ کمشنر پیر محل کا چارج سنبھالا۔ مختصر مدت میں ہی انہوں نے پیر محل کے عوام کے دل جیت لیے۔ فیلڈ میں ان کی موجودگی، مسائل کے فوری حل، دفاتر میں عوامی رسائی، اور انتظامی شفافیت کو یقینی بنانا ان کے نمایاں اوصاف ہیں۔ذوالفقار صابر کی پیشہ ورانہ زندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ محنت، خلوص نیت اور ایمانداری سے دی جانے والی خدمت ہمیشہ پہچانی جاتی ہے۔ آج کے دور میں ایسے افسران بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنے فرائض کو صرف ایک نوکری نہیں بلکہ ایک مشن سمجھ کر انجام دیتے ہیں۔ پیر محل کے عوام کو یقین ہے کہ ان کی قیادت میں علاقے کی ترقی اور عوامی سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا۔*












