عوامی خدمت کا عزم۔۔۔۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد منور حسین کملانہ سیال

تحریر محمد زاہد مجید انور سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

*ضلع جھنگ کی تحصیل شورکوٹ کا خوبصورت اور تاریخی گاؤں کملانہ سیال ایک ایسا خطہ ہے جہاں سے کئی باصلاحیت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شخصیات نے جنم لیا۔ انہی میں ایک نام اسسٹنٹ کمشنر محمد منور حسین کملانہ سیال کا ہے، جو اپنی محنت، قابلیت اور عوامی خدمت کے عزم کے باعث آج ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔آپ ایک معزز اور خوش اخلاق گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد مرحوم جہانگیر خان ایک نیک دل، شریف النفس اور زمیندار شخصیت کے حامل انسان تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی غریب اور مستحق لوگوں کی بے لوث خدمت میں گزاری۔ ان کی تربیت نے آپ کی زندگی میں محنت، ایمانداری اور خدمتِ خلق کو بنیادی اصول بنا دیا۔ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں سے حاصل کرنے کے بعد آپ نے شہر کے معروف ادارے آگاہ چناب کالج جھنگ سے ایف ایس سی پری انجینئرنگ کی۔ پھر کامسیٹس لاہور سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے آپ نے جرمنی کا رخ کیا اور الم یونیورسٹی سے کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے ملک کے سب سے بڑے مقابلے کے امتحانات سی ایس ایس اور پی ایم ایس دونوں میں کامیابی حاصل کی۔ CSS میں آپ آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس گروپ (47 CTP) کے لیے اہل ہوئے، لیکن آپ نے عوامی خدمت کے زیادہ مواقع دیکھتے ہوئے PMS بیچ 9 کو ترجیح دی۔سال 2020 سے آپ بطور پی ایم ایس آفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران ضلع سرگودھا، حافظ آباد، پاکپتن اور لاہور میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر کامیاب فیلڈ اسائنمنٹس سرانجام دیں۔ ہر جگہ آپ کی فرض شناسی، عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی اور شفافیت نے آپ کو ایک قابل، فعال اور نڈر افسر کے طور پر منوایا۔فی الحال آپ اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا، میرٹ پر فیصلے کرنا اور بغیر کسی دباؤ کے قانون کی حکمرانی قائم رکھنا آپ کا نصب العین ہے۔ عوامی حلقے آپ کو ضلع کے بہترین اور فعال اسسٹنٹ کمشنرز میں شمار کرتے ہیں محمد منور حسین کملانہ سیال اس بات کی روشن مثال ہیں کہ جب تعلیم، محنت، ایمانداری اور خدمتِ خلق یکجا ہو جائیں تو ایک شخص نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے معاشرے کے لیے مثالی رہنما بن سکتا ہے۔*