چوہدری محمد اشفاق کی صحت یابی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاست میں ان کا کردار
تحریر.. محمد زاہد مجید انور
*الحمدللہ رب العالمین! اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی معروف سیاسی شخصیت، سابق ضلعی ناظم اور سینئر سیاستدان چوہدری محمد اشفاق کی صحت میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ اہل خانہ، دوست احباب، سیاسی کارکنوں اور چاہنے والوں کے لیے یہ خبر باعثِ مسرت ہے کہ ان کے جسم میں بتدریج طاقت واپس آ رہی ہے اور وہ پہلے کی نسبت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، انہیں دراز عمر دے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔چوہدری محمد اشفاق کا شمار ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ان سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی عملی سیاست کو عوامی خدمت سے جوڑا۔ بطور ضلعی ناظم انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، دیہی و شہری علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کے دور میں ضلع بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے جن کے اثرات آج بھی مختلف علاقوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاست میں چوہدری محمد اشفاق کا اپنا ایک منفرد مقام ہے۔ ان کے حامی انہیں ایک تجربہ کار، بردبار اور معاملہ فہم سیاستدان قرار دیتے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ چوہدری اشفاق گروپ آج بھی ضلع میں مضبوط عوامی حمایت رکھتا ہے، اور اسی عوامی رابطے کی وجہ سے وہ مقامی سیاست میں ایک مؤثر حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔چوہدری محمد اشفاق کی سیاست کی ایک اہم خصوصیت یہ رہی کہ انہوں نے ذاتی تعلقات، سیاسی رواداری اور عوامی مسائل کے حل کو ہمیشہ ترجیح دی۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف سیاسی سوچ رکھنے والے افراد بھی ان کے اخلاق، برداشت اور عوامی رویے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کے چاہنے والوں کا ماننا ہے کہ وہ اختلافِ رائے کے باوجود احترامِ انسانیت اور باہمی روابط کو مقدم رکھتے ہیں۔اس وقت جب ان کی صحت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، ان کے کارکنوں اور خیر خواہوں میں نئی امید پیدا ہوئی ہے۔ ہر شخص دعاگو ہے کہ وہ مکمل صحت یاب ہو کر دوبارہ بھرپور انداز میں عوامی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے وسیع سیاسی تجربے سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں۔اللہ تعالیٰ چوہدری محمد اشفاق کو صحت، تندرستی، عزت، سلامتی اور مزید خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔*













