جوڑیاں والی کی پہچان، چوہدری محمد اشرف جوڑا اور ایک یادگار داستان

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*پیرمحل کے نواحی گاؤں چک نمبر 323 گ ب کو آج بھی لوگ محبت سے “جوڑیاں والی” کے نام سے جانتے ہیں۔ اس نام کے پیچھے ایک دلچسپ اور تاریخی حقیقت پوشیدہ ہے جو اس بستی کی منفرد شناخت بن چکی ہے۔ تقریباً بانوے برس قبل اس گاؤں میں ایک گھرانے میں دو جڑواں بھائی پیدا ہوئے جنہوں نے اپنی شخصیت، کردار اور عوامی خدمت کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا۔ انہی جڑواں بھائیوں کی نسبت سے یہ بستی “جوڑیاں والی” کے نام سے مشہور ہوئی اور یہ نام آج تک عوام کی زبان پر زندہ ہےان جڑواں بھائیوں میں چوہدری محمد اسلم جوڑا اور چوہدری محمد اشرف جوڑا شامل تھے۔ مرحوم چوہدری محمد اسلم جوڑا نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، دیانت داری اور خلوص کے ساتھ گزاری۔ وہ دو مرتبہ رکن ضلع کونسل منتخب ہوئے اور چیئرمین یونین کونسل کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو آج بھی علاقے کے لوگ قدر و منزلت کی نگاہ سے یاد کرتے ہیں۔ سال 2011ء میں 78 برس کی عمر میں وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے، لیکن ان کی نیک نامی، خدمت خلق اور عوام سے محبت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔دوسری جانب ان کے جڑواں بھائی چوہدری محمد اشرف جوڑا آج بھی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حیات ہیں اور علاقے کی ایک باوقار، محترم اور ہر دلعزیز شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ انہیں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور اس منصب پر رہتے ہوئے انہوں نے عوامی فلاح و بہبود، دیہی ترقی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔چوہدری محمد اشرف جوڑا ہمہ جہت خوبیوں کے مالک ہیں۔ ان کی شرافت، عاجزی، ملنساری، مہمان نوازی، رواداری اور ہر چھوٹے بڑے کو عزت دینے کا انداز انہیں دوسروں سے ممتاز بناتا ہے۔ وہ ہمیشہ لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں، صلح جو مزاج رکھتے ہیں اور خدمتِ خلق کو اپنی زندگی کا شعار سمجھتے ہیں۔ یہی اوصاف ہیں جنہوں نے انہیں عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام عطا کیا ہے۔زندگی میں اصل کامیابی دولت یا منصب نہیں بلکہ وہ عزت ہے جو انسان اپنے کردار، اخلاق اور خدمت کے ذریعے کماتا ہے۔ چوہدری محمد اشرف جوڑا اس حقیقت کی ایک خوبصورت مثال ہیں کہ اچھا کردار، خوش اخلاقی اور انسان دوستی انسان کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ چوہدری محمد اشرف جوڑا کو صحت، تندرستی، عزت، خوشیوں اور برکتوں سے بھرپور طویل عمر عطا فرمائے، انہیں اپنے حفظ و امان میں رکھے اور مزید خدمتِ خلق کی توفیق دے۔ نیز اللہ رب العزت مرحوم چوہدری محمد اسلم جوڑا کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔*